ڈاؤن لوڈ کریں
موبائل ایپ

android apple
signal

August 27, 2025 10:01 PM

printer

حکومت نے ریڑی پٹری والوں کیلئے PM سواندھی اسکیم کو نئے سرے سے تشکیل دینے اور 2030 تک اُس کی توسیع کو منظوری دے دی ہے۔ اُس نے 12 ہزار 300 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے چار اہم ریلوے پروجیکٹوں کو بھی منظوری دی ہے

آج مرکزی کابینہ نے ریڑھی پٹری والوں سے متعلق وزیر اعظم کی آتم نربھر ندھی اسکیم (پی ایم SVANidhi اسکیم) کو نئے سرے سے تشکیل دیے جانے کو منظوری دے دی۔ کابینہ نے قرض کی مدت کو 31 دسمبر 2024 سے توسیع دیے جانے کو بھی منظوری دی ہے۔ اب قرض کی مدت 31 مارچ 2030 تک بڑھا دی گئی ہے۔ اِس اسکیم پر 7 ہزار 332 کروڑ روپے کُل اخراجات ہوں گے۔ نئے سرے سے تشکیل دی گئی اِس اسکیم کی اہم خصوصیات میں قرض کی پہلی اور دوسری قسط میں اضافہ، جن مستفیدین نے اپنا دوسرا قرض لوٹا دیا ہے، اُن کے لیے UPI سے منسلک Rupay کریڈٹ کارڈ اور خردہ اور تھوک لین دین کے لیے ڈیجیٹل کیش بیک ترغیبات شامل ہیں۔
قرض کی پہلی قسط 10 ہزار روپے سے بڑھا کر 15 ہزار اور دوسری قسط 20 ہزار روپے سے بڑھا کر 25 ہزار کردی گئی ہے، جبکہ تیسری قسط میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور یہ 50 ہزار روپے ہے۔
نئے سرے سے تشکیل دی گئی اسکیم کا مقصد 50 لاکھ نئے مستفیدین سمیت ایک کروڑ 15 لاکھ مستفیدین کو فائدہ پہنچانا ہے۔ UPI سے منسلک Rupay کریڈٹ کارڈ کو متعارف کرانے سے ریڑی پٹری والوں کو ہنگامی طور پر کسی کاروباری یا ذاتی ضرورت کے پیش نظر قرض کی فوری رسائی حاصل ہوگی۔ ڈیجیٹل لین دین کو فروغ دینے کیلئے ریڑی پٹری والے، خردہ اور تھوک لین دین پر ایک ہزار 600 روپے تک کی Cashback ترغیبات حاصل کرسکتے ہیں۔ حکومت نے کووڈ۔اُنیس وبا کے دوران ریڑی پٹری والوں کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے شروعات میں یکم جون 2020 کو PM سواندھی اسکیم کا آغاز کیا تھا۔ اِس سال جولائی تک 68 لاکھ سے زیادہ ریڑی پٹری والوں کو قرض فراہم کیے جاچکے ہیں۔