حکومت نے آج بتایا ہے کہ ملک میں اناج کی کُل پیداوار 35 کروڑ 70 لاکھ ٹن سے زیادہ ہے، جو پچھلے سال کے مقابلے 7 اعشاریہ چھ پانچ فیصد زیادہ ہے۔
لوک سبھا میں سوالوں کے وقفے کے دوران، ضمنی سوالوں کا جواب دیتے ہوئے، زراعت اور کسانوں کی بہبود کے مرکزی وزیر شیو راج سنگھ چوہان نے کہا کہ یہ کسانوں کی محنت اور مرکز کی پالیسیوں کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں 2024-25 میں فصل کی، ابھی تک کی سب سے زیادہ پیداوار ہوئی ہے۔ جناب چوہان نے بتایا کہ اناج کی پیداوار میں، 2014-15 کے مقابلے تقریباً 42 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
قدرتی آفات کے سبب فصل کے نقصان کے بارے میں بات کرتے ہوئے، وزیر موصوف نے کہا کہ قدرتی آفات کی صورت میں کارروائی کے ریاستی فنڈ SDRF کے تحت سبھی ریاستوں کو پیشگی رقوم فراہم کردی گئی ہیں تاکہ وہ فوری راحت فراہم کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ 2021-22 سے 2025-26 کی مدت کے دوران SDRF کے تحت ایک لاکھ 28 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم مختص ہے تاکہ اِس بات کی یقین دہانی ہو کہ ریاستی سرکاریں متاثرہ لوگوں کی مدد کررہی ہیں۔