حکومت نے، وزارتِ اطلاعات ونشریات کے نام سے جاری کئے گئے ایک نوٹس میں کئے گئے دعووں سے انکار کیا ہے۔ اِس نوٹس میں، ہندی خبروں کے چینلوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی نشریات میں اردو الفاظ کے استعمال سے گریز کریں اور زبان کے ماہرین کا تقرر کریں۔
پریس انفارمیشن بیورو کی، حقائق معلوم کرنے والی شاخ نے اِن دعووں کو گمراہ کن قرار دیا ہے۔ بیورو نے وضاحت کی ہے کہ وزارت نے چینلوں کو ایسی کوئی ہدایت جاری نہیں کی ہے۔
بیورو نے بتایا کہ وزارت نے ناظرین کی یہ شکایت محض متعلقہ چینلوں کو بھیجی تھی۔ یہ شکایت کیبل ٹیلی ویژن نیٹ ورکس کے ضابطوں سے متعلق قانون کی شقوں کے تحت بھیجی گئی تھی۔
حکومت نے شہریوں سے زور دے کر کہا ہے کہ وہ اِس طرح کے گمراہ کن دعووں کا کوئی اثر نہ لیں اور تصدیق شدہ معلومات کیلئے محض سرکاری ذرائع پر انحصار کریں۔