حکومت، شمال مشرقی خطے میں کھیلوں کے ایکو نظام کو مضبوط کرنے کے مقصد سے ہر سال کھیلو انڈیا نارتھ ایسٹ گیمز کا انعقاد کرے گی۔ کھیل اور نوجوانوں کے امور کے وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویا نے اعلان کیا کہ حکومت ہر سال شمال مشرق کی 8 ریاستوں میں سے کسی ایک ریاست میں اِن کھیلوں کا انعقاد کرے گی۔ نئی دلّی میں رائزنگ نارتھ ایسٹ اِنویسٹر سمٹ 2025 سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت مختلف اقدامات کے ذریعے خطے میں کھیلوں کے ایکو نظام کو مستحکم کرنے کے تئیں عہد بستہ ہے۔ سال 2030 میں دولت مشترکہ کھیلوں اور سال 2036 میں موسم گرما کے اولمپک مقابلوں کی میزبانی کے ہدف کا ذکر کرتے ہوئے جناب مانڈویا نے کہا کہ بھارت جیسا وسیع و عریض ملک، مختلف بین الاقوامی مقابلوں کے سال بھر انعقاد کیلئے بہترین مقام ہے۔
جناب مانڈویا نے بتایا کہ حکومت پورے برّ صغیر میں صلاحیتوں کی پہچان کیلئے بڑے پیمانے پر مہم کی شروعات کرنے جارہی ہے، جس کے تحت کوئی بھی شخص کسی کھلاڑی کی کارکردگی کا ویڈیو بناکر اُسے National Sports Repository System، NSRS کی ویب سائٹ پر اَپ لوڈ کرتے ہوئے اُسے کھیلوں کی وزارت تک بھیج سکتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا، اُس مقام پر Talent Scouts کو روانہ کرے گی اور ایتھلیٹ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد صلاحیت کی بنیاد پر ایتھلیٹ کو کھیلو انڈیا سینٹر یا نیشنل سینٹر آف ایکسی لینس، NCOE میں داخل کرے گی۔