ڈاؤن لوڈ کریں
موبائل ایپ

android apple
Listen to live radio

November 14, 2025 2:23 PM

printer

حکمراں قومی جمہوری اتحاد NDA، بہار اسمبلی انتخابات میں زبردست اکثریت حاصل کرنے کی جانب گامزن ہے

بہار کے تمام 243 اسمبلی حلقوں کیلئے ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ سکیورٹی کا پختہ بندوبست کیا گیا ہے۔ اب تک کے رجحانات کے مطابق، قومی جمہوری اتحاد- این ڈی اے 180 سیٹوں پر سبقت بنائے ہوئے ہے۔ حکمراں اتحاد 243 رکنی بہار اسمبلی میں 122 سیٹوں کی درکار اکثریت اور واضح جیت حاصل کرنے کی جانب آسانی سے آگے بڑھ رہا ہے۔

مہاگٹھ بندھن کو اپنی موجودہ سیٹوں کو برقرار رکھنے کیلئے بھی مشقت کرنی پڑ رہی ہے۔ اب تک کے رجحانات کے مطابق پرشانت کشور کی جَن سوراج پارٹی بھی اپنی چھاپ چھوڑنے میں ناکام رہی ہے۔ 243 اسمبلی حلقوں کے دستیاب رجحانات کے مطابق بی جے پی 85، جنتا دَل یونائیٹڈ 76، لوک جَن شکتی پارٹی (رام ولاس) 22 سیٹوں پر آگے ہے، جبکہ راشٹریہ جنتا دَل 36، کانگریس 5 اور دیگر پارٹیاں 19 سیٹوں پر آگے ہیں۔

سبقت حاصل کرنے والے اہم امیدواروں میں دونوں نائب وزراء اعلیٰ اور BJP کے امیدوار وِجے کمار سنہا اور سَمراٹ چودھری، علی نگر سیٹ سے BJP کی میتھلی ٹھاکر، گیا ٹاؤن سے BJP کے سینئر رہنما ڈاکٹر پریم کمار شامل ہیں۔ RJD کے رہنما تیجسوی پرساد یادو راگھو پور حلقے میں BJP کے ستیش کمار سے پیچھے چل رہے ہیں۔ اسی طرح BJP کے سینئر رہنما منگل پانڈے سیوان حلقے سے پیچھے چل رہے ہیں۔

اپوزیشن مہاگٹھ بندھن سے NDA کے آگے نکلنے کے بعد JDU کے کارکنان اور حامیوں نے پٹنہ میں واقع پارٹی دفتر میں جشن منانا شروع کردیا ہے۔

243 ریٹرننگ آفیسرز کی نگرانی میں ووٹوں کی گنتی کا کام 243 کاؤنٹنگ مشاہدین اور امیدوار یا اُن کے ایجنٹوں کی موجودگی میں کیا جا رہا ہے۔ اِس کے علاوہ امیدواروں کے مقرر کردہ  18 ہزار سے زیادہ Counting Agents بھی ووٹوں کی گنتی کے عمل کے دوران موجود ہیں۔

ریاست میں اسمبلی چناؤ دو مرحلوں میں کرایا گیا تھا۔ پہلے مرحلے کا چناؤ اِس مہینے کی 6 تاریخ کو، جبکہ دوسرے مرحلے کا چناؤ 11 تاریخ کرایا گیا تھا اور 67 اعشاریہ ایک تین فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی تھی، جو 1951 کے بعد سے سب سے زیادہ ہے۔

خوش اسلوبی کے ساتھ گنتی کو یقینی بنانے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کیلئے مرکزی مسلح فورسز CRPF اور بہار پولیس کے اہلکاروں کو مناسب تعداد میں تعینات کیا گیا ہے۔

ریاست کے باہر سے سکیورٹی اہلکاروں کی 106 کمپنیاں بھی تعینات کی گئی ہیں۔ گنتی کے مراکز پر دو سطحی سکیورٹی بندوبست کو یقینی بنایا گیا ہے۔ گنتی مراکز کے اندر CRPF کے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے، جبکہ باہر ریاستی پولیس کے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ، 24 گھنٹے ساتوں دن CCTV کی نگرانی کی جارہی ہے۔ دیگر سکیورٹی انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔ انتخابی کمیشن کی سرکاری ویب سائٹ http://results.eci.gov.in پر چناؤ کے تازہ ترین رجحانات اور نتائج دستیاب ہیں۔

کمیشن نے عوام اور میڈیا کو مشورہ دیا ہے کہ وہ درست اور تصدیق شدہ جانکاری کیلئے صرف چناؤ کمیشن کے آفیشیل پورٹل پر ہی اعتماد کریں اور غیر سرکاری ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات سے گریز کریں۔

TV چینلوں اور ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم سے بھی درست اور تصدیق شدہ جانکاری فراہم کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔