جنتا دَل یونائیٹڈ کے سربراہ نتیش کمار نے آج صبح بہار کے وزیرِ اعلیٰ کی حیثیت سے 10ویں مرتبہ حلف لیا۔
بہار کے گورنر عارف محمد خاں نے، اُنہیں عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ حلف برداری کی تقریب پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں ہوئی۔ اِس موقع پر وزیرِ اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر امت شاہ، جے پی نڈا، چراغ پاسوان اور NDA کے کئی دیگر سرکردہ رہنما موجود تھے۔
نئی بہار سرکار میں وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار سمیت مجموعی طور پر 27 وزیروں نے حلف لیا۔ BJP کی طرف سے، جن لیڈروں نے نتیش کمار کابینہ میں وزیر کی حیثیت سے حلف لیا ہے، اُن میں سمراٹ چودھری، وجے کمار سنہا، دلیپ جیسوال، منگل پانڈے، Nitin Nabin اور رام کِرپال یادو شامل ہیں۔
JDU کی طرف سے Leshi Singh، Shrowan Kumar، بجیندر پرساد یادو، زماں خان اور اشوک چودھری نے وزیر کی حیثیت سے حلف لیا۔
بہار اسمبلی کے حالیہ انتخابات میں NDA نے 243 رکنی ایوان میں 202 سیٹیں جیت کر شاندار کامیابی حاصل کی تھی۔ NDA میں شامل پارٹیوں میں BJP نے نواسی سیٹوں پر جیت حاصل کی، جبکہ JDU کو 85 سیٹوں پر کامیابی ملی۔ اِس کے علاوہ، لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کو 19، ہندوستانی عوام مورچہ کو 5 اور راشٹریہ لوک مورچہ کو 4 اسمبلی حلقوں میں جیت حاصل ہوئی۔ دوسری طرف اپوزیشن کے مہاگٹھ بندھن نے اِس چناؤ میں صرف 35 سیٹیں ہی جیتیں۔