جھارکھنڈ کے بوکارو میں Lugu Hill کی پہاڑیوں میں پولیس اور نیم فوجی دستوں کی مشترکہ ٹیم اور نکسلیوں کے درمیان جھڑپ میں تقریباً 8 نکسلی مارے گئے ہیں۔ پولیس اور نکسلیوں کے درمیان آج صبح سے ہی جھڑپ جاری ہے۔ اِس جھڑپ میں وِویک نامی ایک ماؤنواز بھی ہلاک ہوا ہے، جس پر ایک کروڑ روپے کا انعام تھا۔ جھارکھنڈ کے DGP انوراگ گپتا نے کہا ہے کہ اب تک 8 ماؤنوازوں کی لاشیں برآمد کرلی گئی ہیں۔ تلاشی کی کارروائی کے دوران AK سیریز کی ایک رائفل، ایک SLR، تین INSAS رائفلز، ایک پسٹل اور دیسی ساخت کی 8، Bharmar رائفلز کے علاوہ دیگر اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔
جناب گپتا نے کہا کہ جھڑپ کے دوران فرار ہوئے نکسلیوں کا محاصرہ کیا جارہا ہے۔ CRPF کے عہدیداران نے کہا ہے کہ فی الحال جھڑپ ختم ہو گئی ہے، تاہم کارروائی جاری ہے۔ جھڑپ کے دوران کسی بھی سپاہی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔×