جناب نتن نبین نے، بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سمیت، پارٹی کے سینئر رہنماؤں کی موجودگی میں نئی دلّی میں پارٹی صدر دفتر میں حلف لیا
بی جے پی کے کارگزار صدر نتن نبین کو پارٹی کا نیا قومی صدر منتخب کیا گیا ہے۔ پارٹی کے قومی ریٹرننگ افسر ڈاکٹر کے-لکشمن نے آج پارٹی صدر کے طور پر جناب نبین کے انتخاب کا اعلان کیا اور نئی دِلی کے پارٹی ہیڈکوارٹرس میں Sangathan Parv پر انتخاب کا سر ٹیفکیٹ اُن کے سپرد کیا۔
BJP کے سینئر رہنما اور وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزراء امت شاہ، راج ناتھ سنگھ، جے پی نڈا اور نتن گڈکری نے جناب نبین کو مبارکباد دی ہے۔ اِس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے BJP کا قومی صدر چنے جانے پر جناب نبین کو مبارکباد دی اور اِسے دنیا کی سب سے بڑی پارٹی قرار دیا۔ جناب مودی نے کہا کہ جناب نبین BJP کی وراثت کو آگے بڑھائیں گے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ BJP کے نومنتخبہ قومی صدر کا تعلق ایسی نسل سے ہے، جس نے ملک میں بڑی اقتصادی، سماجی اور ٹیکنالوجیکل تبدیلیاں دیکھی ہیں۔ وزیراعظم نے اِس بات کو بھی اُجاگر کیا کہ جناب نبین میں جوش وخروش ہے اور تنظیمی امور میں اُنہیں وسیع تجربہ حاصل ہے، جو پارٹی کے ہر ایک کارکن کیلئے بہت فائدے مند ہوگا۔
وزیراعظم مودی نے یہ بات بھی زور دے کر کہی کہ گزشتہ کئی مہینوں سے تنظیم کے سب سے چھوٹے یونٹ سے لے کر قومی صدر کے انتخاب تک پورا عمل جمہوری طریقے سے انجام دیا گیا ہے۔
اُدھر مرکزی وزیر جے پی نڈا نے بھی جناب نبین کے انتخاب کو سراہا ہے اور اِسے ایک تاریخی موقع قرار دیا ہے۔ جناب نڈا نے کہاکہ جناب نبین اپنے نظریاتی پس منظر کے اعتبار سے پختہ شخصیت کے مالک ہیں اور اُنہوں نے بہت کم عمری میں پانچ مرتبہ MLA کے طور پر خدمات انجام دی ہیں اور وہ اب بھی MLA ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ایک نوجوان، پُرجوش اور باصلاحیت شخص نے قومی صدر کی ذمے داری سنبھالی ہے۔