جموں وکشمیر میں نامعلوم دہشت گردوں نے، آج تیسرے پہر جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلعے کے پہلگام علاقے میں، سیاحوں کے ایک گروپ پر حملہ کیا۔ یہ حملہ سری نگر ہیڈکوارٹر سے تقریباً 85 کلو میٹر دور پہلگام کے Baisaran جنگلاتی علاقے میں کیا گیا۔ اس حملے میں بہت سے سیاح زخمی ہوگئے۔ کچھ لوگ جاں بحق بھی ہوئے۔ البتہ زخمی ہونے والوں اور مرنے والے سیاحوں کی درست تعداد کی ابھی تصدیق ہونا باقی ہے۔ اس واقعے پر غم اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سوشل میڈیا کی ایک پوسٹ میں کہا کہ مرنے والوں کی تعداد کی تصدیق کی جارہی ہے اور صورتحال واضح ہونے پر سرکاری طور پر اس کا اعلان کیا جائے گا۔ زخمی ہونے والوں کو ضلع کے طبی مرکز میں پہنچایا گیا ہے۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی نے پہلگام میں سیاحوں پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے۔ اِسے افسوسناک اور دُکھ بھرا قرار دیتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ یہ ایک ایسا بزدلانہ اور غیرانسانی کام ہے جس کی شدید مذمت کی جانی چاہئے۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ بے گناہ شہریوں پر حملہ کرنا انتہائی افسوسناک اور ناقابل معافی عمل ہے۔ انھوں نے اس حملے میں جاں بحق ہونے والے کنبوں کے ساتھ اظہارِ تعزیت کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا ہے کہ اس گھنائونے جرم کے پیچھے جو لوگ ہیں انھیں انصاف کے سامنے کھڑا کیا جائے گا اور قطعی نہیں بخشا جائے گا۔ سوشل میڈیا کی ایک پوسٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ اُن کا گھنائونا ایجنڈا کبھی بھی کامیاب نہیں ہوگا۔انھوں نے اس حملے میں جاں بحق ہونے والے کنبوں کے ساتھ اظہارِ تعزیت کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ جناب مودی نے مزید کہا کہ متاثر ہونے والوں کو ہر ممکن امداد فراہم کی جارہی ہے۔اس سے قبل مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے پہلگام دہشت گردانہ حملے کے واقعے کے بارے میں وزیر اعظم کو تفصیلات بتائیں اور تمام ایجنسیوں کے ساتھ سکیورٹی کی ایک فوری جائزہ میٹنگ کیلئے سری نگر روانہ ہوگئے۔ جناب شاہ نے اس واقعے کے بارے میں متعلقہ حکام کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ایک میٹنگ بھی کی۔ سیاحوں پر دہشت گردانہ حملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے زور دیا کہ دہشت گردی کے اِس بزدلانہ کام میں جو لوگ ملوث ہیں اُنھیں بخشا نہیں جائے گا۔
جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ نے پہلگام میں سیاحوں پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے۔ سوشل میڈیا کی ایک پوسٹ میں لیفٹیننٹ گورنر نے لوگوں کو یقین دلایا کہ اِس گھنائونے حملے کے جو لوگ ذمے دار ہیں اُنھیں ضرور سزا دی جائے گی۔ جناب سنہا نے کہا کہ فوج اور جموں وکشمیر پولیس کی ٹیمیں علاقے کیلئے روانہ ہوگئی ہیں اور انھوں نے تلاشی کی کارروائیاں شروع کردی ہے۔ انھوں نے پہلگام میں داخل افراد کو فوری طبی علاج فراہم کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور صحت سے متعلق حکام کو ہدایات دی ہیں۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ اُنھیں اِس حملے سے انتہائی دھچکا پہنچا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس حملے کے ذمے داران انسان نہیں ہیں اور قابل نفرت ہیں۔انھوں نے فوت ہونے والے کنبوں کے ساتھ اظہارِ تعزیت کیا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ انھوں نے اپنی ساتھی اور وزیر سکینہ Itoo سے بات کی ہے اور انھوں نے زخمیوں کیلئے انتظامات کی نگرانی کرنے کی غرض سے اسپتال کا دورہ کیا ہے۔
پارٹی وابستگی سے قطع نظر مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈران نے جموں و کشمیر کے پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے۔ مرکزی وزیر اور BJP کے صدر جے پی نڈا نے کہا ہے کہ بے قصور شہریوں پر اِس بزدلانہ حملے کی شدید طور پر مذمت کی جانی چاہیے۔وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ یہ حملہ، انتہائی بزدلانہ حرکت ہے۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر اشونی ویشنو نے بھی اِس بزدلانہ دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے اور متاثرین کے کنبوں سے اپنی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اِس حملے کی یہ کہتے ہوئے مذمت کی ہے کہ پورا ملک دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔کانگریس صدر ملکا ارجن کھڑگے نے کہا ہے کہ سرحد پار دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کیلئے پورا ملک ایک ساتھ ہے۔اپوزیشن رہنما راہل گاندھی نے کہا ہے کہ اِس دہشت گردانہ حملے میں سیاحوں کی ہلاکت اور زخمی ہونے کی خبر، دل کو تکلیف پہنچانے والی ہے اور اِس کی شدید طور پر مذمت کی جانی چاہیے۔
اسی دوران خطے میں دہشت گردوں کو ختم کرنے کیلئے دہشت گرد مخالف کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا کی ایک پوسٹ میں جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ فوج اور جموں وکشمیر پولیس کی ٹیمیں علاقے میں پہنچ گئی ہیں اور تلاشی کی کارروائیوں کا آغاز کیا ہے۔ جموں وکشمیر کی سرکار نے سیاحوں کیلئے 24 گھنٹے کی ایک ایمرجنسی ہیلپ ڈیسک کا انتظام کیا ہے۔ جموں وکشمیر سرکار نے سری نگر اور اننت ناگ میں سیاحوں کیلئے ہنگامی ہیلپ ڈیسک قائم کی ہے۔ سری نگر میں ہنگامی کنٹرول روم کا نمبر ہے
صفر ایک نو چار – دو چار پانچ سات – پانچ چار تین
صفر ایک نو چار – دو چار آٹھ – تین چھ پانچ ایک
اورADC سری نگر کے ہیلپ لائن کا نمبر ہے
سات صفر صفر – چھ صفر – پانچ آٹھ – چھ دو تین
ضلع انتظامیہ اننت ناگ کنٹرول روم ہیلپ لائن کا نمبر ہے
صفر ایک نو تین – دو دو – دو دو – تین تین سات
سات سات آٹھ صفر – آٹھ آٹھ پانچ سات – پانچ نو
نو چھ نو – سات نو آٹھ – دو پانچ – دو سات اور
چھ صفر صفر – چھ تین چھ – پانچ دو – چار پانچ