جموں و کشمیر کے لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا نے، بَم بَم بھولے اور ہَر ہَر مہادیو کے جاپ کے دوران آج صبح سویرے بھگوتی نگر میں یاتری نواس بنیادی کیمپ سے امرناتھ یاتریوں کے پہلے جتھے کو روانہ کیا۔
کُل پانچ ہزار 892 یاتری وادی کی سمت روانہ ہوئے جن میں سے دو ہزار 489 بالتل کے راستے سے یاترا کریں گے جبکہ تین ہزار 403 اننت ناگ کے طویل راستے سے پوِتر گپھا تک پہنچیں گے۔امرناتھ یاترا کے پہلے جتھے کے عقیدتمندوں نے اپنی خوشی ظاہرکی۔
38 روزہ طویل یہ یاترا تین ہزار 880 میٹر بلند امرناتھ مندر تک ہے جو دونوں راستوں اننت ناگ میں 48 کلومیٹر، ننوان پہلگام راستے اور گاندربل میں 14 کلومیٹر کے چھوٹے لیکن زیادہ ڈھلواں بالتل راستے سے کَل باضابطہ شروع ہوگئی۔ یہ یاترا اِس سال 9 اگست کو شُرون پورنیما پر ختم ہوگی۔ یاتریوں کو یاترا کے راستے پر سخت سکیورٹی قافلے میں لے جایا جا رہا ہے۔
اِس سال یاترا کے لیے اب تک تین لاکھ 31 ہزار سے زیادہ عقیدمند پہلے ہی رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔
جبکہ جموں میں موقع پر ہی رجسٹریشن کا عمل شروع ہو چکا ہے جہاں پچھلے دو دن میں تقریباً چار ہزار ٹوکن تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
حکام نے ایک مضبوط سکیورٹی منصوبہ نافذ کیا ہے جس میں کثیر سطحی نگرانی، CCTV کیمروں سے نگرانی اور روزانہ کی ٹریفک ایڈوائزریز شامل ہیں۔