جموں و کشمیر میں ڈوڈہ ضلع کے قدرتی اعتبار سے دلکش و خوبصورت قصبے بھدروا میں دو روزہ بھدروا سرمائی فیسٹول 2026 آج سے شروع ہو رہا ہے۔ بھدروا سرمائی میلے کا مقصد موسمِ سرما میں سیاحت کو فروغ دینا، خطے کے مالامال ثقافتی ورثے کو پیش کرنا اور پورے ملک سے سیاحوں کو راغب کرکے مقامی اقتصادی سرگرمیوں کو مستحکم کرنا ہے۔
میلے میں برف پر مبنی سرگرمیاں، ثقافتی پروگرام، اور مقامی روایتیں پیش کی جائیں گی۔ فیسٹول کا مقصد بھدروا کو موسمِ سرما کے ابھرتے ہوئے سیاحتی مقام کے طور پر پیش کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی کاریگروں، آرٹسٹوں اور سیاحت کے شعبے میں شامل افراد کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ خوبصورت قدرتی مناظر سے مالامال بھدروا قصبے میں منعقد کیا جانے والا یہ فیسٹول توقع ہے کہ نہ صرف جموں و کشمیر بلکہ ملک و بیرونِ ملک کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنے گا۔ فیسٹول میں مشہور ومعروف گلوکار جی-خان بھی سیاحوں کو اپنی مسحور کن آواز سے لطف اندوز کریں گے۔ اس موقع پر سیاحتی و مذہبی مقامات پر سیکیورٹی کا مربوط انتظام کیا گیا ہے۔