جموں و کشمیر میں مسلسل 40 گھنٹے سے جاری بارش کے سبب جموں ڈویژن میں کافی تباہی ہوئی ہے۔ اگرچہ بارش کی شدت میں کمی آئی ہے، لیکن تمام ضلعوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ موسلادھار بارش کے سبب اچانک سیلاب اور مٹی کے تودے کھسکنے کے واقعات پیش آئے ہیں، جن میں متعدد افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے ہیں۔ حکام نے ہنگامی کارروائی تیز کر دی ہے۔ ٹیلی مواصلات کے محکمے نے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں کنکٹی ویٹی کو یقینی بنانے کی خاطر تمام علاقوں کے لیے رومنگ کو فعال کر دیا ہے، جبکہ ریلوے نے جزوی طور پر ٹرینوں کی آمد و رفت بحال کردی ہے۔ اب تک صرف دو ٹرینوں کی سروسز دوبارہ شروع کی گئی ہیں۔
ہمارے نامہ نگار نے خبر دی ہے کہ راحت اور بچاؤ کی کارروائی جاری ہے اور حکام صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں۔
شری ماتا ویشنو دیوی یاترا کے راستے پر واقع Adhkuwari میں اِندرپرستھ بھوجنالیہ کے قریب مٹی کے تودے کھسکنے کے ایک بڑے واقعے میں کئی لوگوں کی موت ہوگئی ہے، جس کے بعد یاترا کو معطل کر دیا گیا ہے۔ ڈوڈہ میں اچانک سیلاب آنے سے 15 مکانات تباہ اور تین پیدل پُل بہہ گئے ہیں۔ اِس واقعہ میں 4 افراد کی موت ہوگئی ہے۔ توی، چناب، Kalnai اور نیرو جیسی بڑی ندیوں میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے اور نشیبی علاقوں کے لیے خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ شدید بارش کے باعث توی دریا میں پانی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہا ہے، جبکہ بھگوتی نگر کے علاقے میں توی ندی پر تعمیر کردہ چوتھا پُل بری طرح متاثر ہوا ہے۔
سیلاب سے متاثرہ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی اور موبائل نیٹ ورکس بھی معطل ہو گئے ہیں۔ NDRF نے پورے علاقے میں متعدد ٹیمیں تعینات کی ہیں۔ جموں میں نو ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں جو متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے راحت اور بچاؤ کی کارروائی میں مصروف ہیں۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کٹرا میں شری ماتا ویشنو دیوی مندر کے راستے پر مٹی کے تودے کھسکنے سے ہونے والی اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے انتظامیہ کی طرف سے متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا یقین دلایا ہے۔
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کٹرا میں مٹی کے تودے کھسکنے کے واقعہ کے مہلوکین کے لواحقین کو پانچ-پانچ لاکھ روپے اور زخمیوں کو پچاس-پچاس ہزار روپے کی مالی مدد دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے آج جموں ڈویژن کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔
Site Admin | August 27, 2025 9:51 PM
جموں و کشمیر میں مسلسل 40 گھنٹے سے جاری بارش کے سبب جموں ڈویژن میں کافی تباہی ہوئی ہے