جموں و کشمیر میں، چونے کی کان کے بلاکوں کی اب تک کی سب سے پہلی نیلامی آج باقاعدہ طور پر شروع کی جائیگی۔ یہ نیلامی دوپہر کو جموں کے کنونشن سینٹر میں منعقد کی جائے گی، جس کی قیادت کوئلے اور کانوں کے وزیر جی کشن ریڈّی کریں گے۔ اس تقریب میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نیز نائب وزیر سریندر چودھری شرکت کریں گے، جس سے مرکز-ریاست شراکت داری کی بھرپور عکاسی اور خطّے کیلئے اس قدم کی اہمیت اُجاگر ہوگی۔
چونے کی کان کے کُل 7 بلاک، جو تقریباً 314 ہیکٹیئرز کے رقبے پر مشتمل ہیں، نیلامی کیلئے نشان زد کیے گئے ہیں۔ یہ کانیں اننت ناگ، رجوری اور پُنچ ضلعوں میں واقع ہیں۔ یہ کانکنی میں اصلاحات کی پیشرفت میں ایک اہم قدم ہے، جس کا آغاز کانوں اور معدنیات کے فروغ اور ضابطہ کاری کے قانون 2015 کے تحت کیا گیا تھا۔ کانکنی کے بلاک کی یہ پہلی نیلامی ہے، جو اِن اصلاحات کے بعد مرکز کے زیر انتظام اِس علاقے میں منعقد کی جا رہی ہے، جس سے اِس شعبے میں شفافیت، مسابقہ جاتی رجحان اور پائیدار ترقی کا اشارہ ملتا ہے۔ کانوں کی وزارت ایک شفاف، ٹکنالوجی سے بھرپور اور مسابقہ جاتی نیلامی عمل کو آگے لے جانے کی پابند ہے۔
اِس قدم سے امید ہے کہ روزگار اور محصول میں اضافہ ہوگا، صنعت میں توسیع ہوگی اور مقامی لوگوں کیلئے نئے معاشی موقعے پیدا ہوں گے۔