جسٹس سوریہ کانت کو آج بھارت کے 53 ویں چیف جسٹس کے عہدے کا حلف دلایا جائے گا۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو آج صبح راشٹرپتی بھون میں، اُنہیں اِس عہدے کا حلف دلائیں گی۔ جسٹس سوریہ کانت، جسٹس بی-آر گوَئی کی جگہ لیں گے، جو کَل شام اپنے عہدے سے ریٹائر ہوئے ہیں۔
جسٹس سوریہ کانت ہریانہ کے شہر حصار میں 1962 میں پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے 1984 میں یہیں کی ضلع عدالت میں، وکالت شروع کی تھی۔ وہ 1985 میں چنڈی گڑھ میں منتقل ہوئے تھے، تاکہ پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ میں وکالت کر سکیں۔ اُن کی مہارت آئینی، سروس اور سوِل معاملات میں ہے۔ انہوں نے بہت سی یونیورسٹیز، بورڈز، کارپوریشنز، بینکس اور خود ہائی کورٹ کی بھی نمائندگی کی ہے۔ جسٹس سوریہ کانت کو جولائی 2000 میں ہریانہ کے سب سے کم عمر ایڈووکیٹ جنرل کا بھی امتیاز حاصل ہوا۔ اُنہیں 2004 میں پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ میں ایک مستقل جج کے عہدے پر فائز کیا گیا۔ جسٹس سوریہ کانت اکتوبر 2018 میں، ہماچل ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے پر مقرر ہوئے۔ اُنہیں مئی 2019 میں ترقی دے کر سپریم کورٹ کا جج مقرر کیا گیا۔
جسٹس سوریہ کانت کے، بھارت کے چیف جسٹس کے عہدے پر برقرار رہنے کی مدّت تقریباً 15 ماہ ہے۔