جسٹس سوریہ کانت نے آج بھارت کے 53 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے عہدے کا حلف لیا۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے آج صبح راشٹرپتی بھون میں، اُنہیں عہدے کا حلف دلایا۔ جسٹس سوریہ کانت نے، جسٹس بی-آر گوَئی کی جگہ لی ہے۔
حلف برداری کی تقریب میں نائب صدر سی پی رادھا کرشنن، وزیراعظم نریندر مودی، لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا سمیت مرکزی وزراء امت شاہ، راج ناتھ سنگھ، جے پی نڈا اور دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔
سال 1962 میں ہریانہ کے حصار میں پیدا ہوئے جسٹس سوریہ کانت نے سال 1984 میں حصار کی ضلع عدالت میں قانون کی اپنی پریکٹس شروع کی۔ اُنہیں 2018 میں ہماچل پردیش ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا گیا۔ مئی 2019 میں انہیں سپریم کورٹ کا جج بنایا گیا۔ جسٹس سوریہ کانت، تقریباً 15 مہینے تک بھارت کے چیف جسٹس کے عہدے پر فائز رہیں گے۔×