جسٹس بھوشن رام کرشن گوَئی آج بھارت کے، 52ویں چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لیں گے۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو آج صبح راشٹریہ پتی بھون میں ایک خصوصی تقریب میں جسٹس گوَئی کو اُن کے عہدے کا حلف دلائیں گی۔
جسٹس بی آر گوَئی، بھارت کے چیف جسٹس سنجیو کھنہ کی جگہ لیں گے، جو کَل اپنے عہدے سے سبکدوش ہوئے ہیں۔
جسٹس بی آر گوَئی، امراوتی میں 24 نومبر 1960 کو پیدا ہوئے تھے اور انھوں نے 1985 میں بار میں شمولیت اختیار کی۔ انھوں نے سابق ایڈوکیٹ جنرل اور ہائی کورٹ کے جج اور آنجہانی بیرسٹر راجہ ایس بھونسلے کے ساتھ 1987 تک کام کیا۔ جسٹس گوَئی نے 1987 سے 1990 کے درمیان بامبے ہائی کورٹ میں آزادانہ طور پر ایک وکیل کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور اُنہیں نومبر 2003 میں بامبے ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج کے عہدے پر فائز کردیا گیا۔ نیز اُنہیں نومبر 2005 میں بامبے ہائی کورٹ کے مستقل جج کے طور پر مقرر کیا گیا۔ مئی 2019 میں جسٹس گوَئی کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کردیا گیا۔ پچھلے 6 سال میں وہ تقریباً 700 بینچز میں شامل رہے، جنہوں نے آئینی اور انتظامی قوانین، سِول قوانین، فوجداری قوانین اور تجارتی تنازعات سمیت بہت سے معاملات کی سنوائی کی۔ وہ بھارت کے سابق چیف جسٹس کے-جی بالا کرشنن کے بعد بھارت کے ایسے دوسرے چیف جسٹس ہوں گے جن کا تعلق درجِ فہرست ذاتوں کی برادری سے ہے۔ جسٹس گوَئی کے عہدے کی مدت اِس سال نومبر میں ختم ہوگی۔
Site Admin | May 14, 2025 9:19 AM
جسٹس بھوشن رام کرشن گوَئی آج، بھارت کے 52ویں چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لیں گے