January 15, 2026 3:20 PM

printer

تہران میں بھارتی سفارتخانے نے، احتجاج میں تیزی آنے کے تناظر میں، بھارتی شہریوں سے کسی بھی دستیاب ٹرانسپورٹ کے ذریعے ملک سے چلے جانے کو کہا ہے۔

بھارت نے اپنے شہریوں کو ایران کا سفر کرنے سے گریز کرنے پر سختی سے عمل کرنے کا مشورہ دیا ہے کیونکہ وہاں سکیورٹی کی صورتحال مزید خراب ہوگئی ہے۔ وزارتِ خارجہ نے اپنی ایک ایڈوائزری میں کہا ہے کہ ایران میں جاری واقعات کے پیشِ نظر بھارتی شہریوں کو سختی سے یہ مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ آئندہ اطلاع تک اسلامی جمہوریہ ایران کے سفر سے گریز کریں۔ وزارتِ خارجہ نے ایران میں رہ رہے بھارتی شہریوں اور بھارت نژاد لوگوں سے مظاہروں والے علاقوں میں جانے پر انتہائی محتاط رہنے اور وہاں جانے سے گریز کرنے کو کہا ہے۔

وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ جو بھارتی شہری، ایران میں رہائشی ویزا پر رہ رہے ہیں، اگر انہوں نے ابھی تک اپنا اندراج نہیں کرایا ہے تو وہ بھارتی سفارتخانے میں اپنا اندراج کرائیں۔

تہران میں بھارتی سفارتخانے کے ایمرجنسی رابطہ ہیلپ لائن نمبر اس طرح سے ہیں:

پلس نو آٹھ نو، ایک دو آٹھ، ایک صفر نو، ایک ایک پانچ

پلس نو آٹھ نو، ایک دو آٹھ، ایک صفر نو، ایک صفر نو

پلس نو آٹھ نو، ایک دو آٹھ، ایک صفر نو، ایک صفر دو

پلس نو آٹھ نو، نو تین دو، ایک سات نو، تین پانچ نو

سفارت خانے سے ای میل cons.tehran@mea.gov.in کے ذریعے بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

اس دوران، تہران میں بھارتی سفارتخانے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا ہے کہ ایران میں بدلتی ہوئی صورتحال کے پیشِ نظر، جو بھارتی شہری اِس وقت ایران میں ہیں، چاہے وہ طلباء ہوں، زائرین ہوں، کاروباری افراد ہوں یا سیاح ہوں، انہیں کمرشیل پروازوں سمیت ٹرانسپورٹ کے کسی بھی دستیاب ذرائع سے ایران سے چلے جانے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ سفارتخانے نے بھارتی شہریوں سے اپنے امیگریشن دستاویزات دستیاب رکھنے کو بھی کہا ہے۔