تھائی لینڈ اور کمبوڈیا سرحد پر کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ Royal Thai آرمی نے کمبوڈیا کے ساتھ متنازعہ سرحد پر فضائی حملے کئے ہیں۔ دونوں ملک اِن حملوں کیلئے ایک دوسرے کو الزام دے رہے ہیں۔ تھائی لینڈ کے شمال مشرقی Si Sa Ket اور Ubon Ratchathani صوبوں اور کمبوڈیا کے شمالی سرحدی صوبوں Preah Vihear اور Oddar Meanchey سے تصادم کی اطلاعات ملی ہیں۔ Royal Thai آرمی نے کمبوڈیا کی فورسز پر Ubon Ratchathani صوبے میں آج صبح فائرنگ شروع کرنے کا الزام لگایا ہے، جس کی وجہ سے ایک فوجی ہلاک اور 8 دیگر زخمی ہوگئے تھے، جس کے بعد یہ فضائی حملے کئے گئے ہیں۔
تاہم کمبوڈیا کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ تھائی لینڈ نے حملہ شروع کیا تھا اور کمبوڈیا نے کوئی جوابی کارروائی نہیں کی، جس کی وجہ سے کشیدگی کو روکا جاسکا۔ دونوں ملکوں نے ایک دوسرے پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرنے کا الزام لگایا ہے۔ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ملیشیا کی ثالثی میں یہ جنگ بندی معاہدہ کیا گیا تھا۔ اس سال جولائی میں تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان شدید سرحدی تنازعہ پیدا ہوگیا تھا، جس کے سبب پانچ دن چلنے والی جنگ میں 48 افراد ہلاک ہوئے تھے اور تین لاکھ افراد کو اپنا گھر چھوڑنا پڑا تھا۔