تعلیم کے مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان نے آج کہا ہے کہ بھارت 2047 تک ایک ترقی یافتہ ملک بن جائے گا اور اس مقصد کو حاصل کرنے میں ہر شہری کا رول ہے۔ جناب پردھان کیرالہ میں IIT پلکّڑ کے ساتویں جلسہ تقسیم اسناد کی تقریب میں اظہار خیال کررہے تھے۔ وزیر موصوف نے ٹرانسپورٹ، ہاؤسنگ، طبی سہولیات اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں عالمی درجے کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں کلیدی کردار ادا کرنے کیلئے طلباء پر زور دیا۔ عالمی ڈیجیٹل اسپیس میں بڑھتے ہوئے بھارت کے رول کو اجاگر کرتے ہوئے جناب پردھان نے کہا کہ ملک بھر میں سب کی شمولیت اور اخلاقی ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچہ وزیراعظم نریندر مودی کا دور اندیشی پر مبنی نظریہ ہے۔
انہوں نے تکنیکی خود کفالت اور زراعت میں جدید ٹیکنالوجی کی اہمیت کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اس تقریب کے دوران کُل 328 طلباء نے وزیر موصوف سے اپنے سرٹیفکٹس حاصل کئے۔ جناب پردھان نے کہا کہ IIT پلکّڑ صحیح راہ پر گامزن ہے اور وکست بھارت کے نظریئے میں تعاون دینے کے تئیں عہد بستہ ہے۔×