تجارت و صنعت کے مرکزی وزیر پیوش گوئل نے کَل نئی دلی میں تجارتی اور اقتصادی سلامتی کے یوروپی یونین کمشنر Maros Sefcovic، زراعت اور خوراک کے یوروپی یونین کمشنرChristophe Hansen اور یورپی یونین کے وفد کے دیگر افسران سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات ایک جامع آزاد تجارتی معاہدے FTA کو جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کا حصہ تھی۔
ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں جناب گوئل نے کہا کہ دونوں ممالک ایک متوازن اور باہمی طور پر فائدہ مند، آزاد تجارتی معاہدہ کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، جس سے تجارت کے میدان میں نئے موقع پیدا ہوں گے اور بھارت اور یوروپی یونین کی مشترکہ ترقی کے لیے بھی موقعوں میں اضافہ ہوگا۔
جناب گوئل نے زور دے کر کہا کہ اس شراکت داری کو محض تجارت کو وسعت دینے کے نظریے سے نہ دیکھا جائے بلکہ پوری دنیا پر ایک وسیع تر مثبت اثر کے طور پر بھی دیکھا جائے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت اور یوروپی یونین ایک دوسرے کی تکمیل کرتے ہیں اور وہ ایک دوسرے سے مقابلہ نہیں کرتے۔