July 22, 2025 3:11 PM

printer

بہار کی ریاستی اسمبلی میں آج افراتفری کا ماحول دیکھنے میں آیا

بہار کی ریاستی اسمبلی میں آج افراتفری کا ماحول دیکھنے میں آیا۔ RJD اور کانگریس کی قیادت والے اپوزیشن کے عظیم اتحاد کے ممبران نے ووٹر فہرست کی خصوصی نظرِ ثانی مہم SIR اور ریاست میں نظم و ضبط کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر احتجاج کیا۔ ایوان میں مسلسل رخنہ اندازی کی وجہ سے کوئی کام کاج نہیں ہوسکا۔ 20 منٹ تک شور شرابہ جاری رہنے کے بعد ایوان کے اسپیکر نندکِشور یادو نے دوپہر دو بجے تک کیلئے ایوان ملتوی کردیا۔ بہار اسمبلی کے مانسون اجلاس کا آج دوسرا دن ہے اور اپوزیشن کا عظیم اتحاد یعنی گرانڈ الائنس عوام کی سلامتی کی تشویشات اور SIR سمیت کئی معاملات پر نتیش کمار کی زیرِ قیادت ریاستی حکومت کو نشانہ بنا رہا ہے۔
اِس سے قبل جب آج دن کی کارروائی صبح 11 بجے شروع ہوئی تو اپوزیشن کے CPIML اور RJD کے ممبران کالے کپڑوں میں تختیاں لے کر ایوان کے وسط میں آگئے اور ریاستی اور مرکزی حکومت کے خلاف نعرے بازی کرنے لگے۔ اسپیکر کی جانب سے واپس جانے کی مسلسل اپیل کے باوجود اپوزیشن ممبران نے احتجاج جاری رکھا۔ احتجاج کے دوران کچھ ممبران نے نامہ نگاروں کی میز کو پلٹنے کی کوشش کی، جس پر اسپیکر نے اپنی سخت ناراضگی ظاہر کی۔ شور شرابے کے دوران اسپیکر نے ایوان کی کارروائی دوپہر دو بجے تک ملتوی کردی۔ اِس سے قبل دن میں عظیم اتحاد کے ممبران نے بہار اسمبلی کے خصوصی دروازے کے باہر بھی ریاستی اور مرکزی حکومت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے احتجاج کیا۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔
سب دیکھیں arrow-right

کوئی پوسٹ نہیں ملی۔