بہار میں نئی حکومت تشکیل دینے کیلئے سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ اسمبلی انتخابات میں زبردست کامیابی حاصل کرنے کے بعد NDA نے ریاست میں حکومت بنانے پر توجہ مرکوز کر دی ہے۔ مرکزی وزیر اور لوک جَن شکتی پارٹی رام ولاس کے صدر، چراغ پاسوان، ہندوستانی عوام مورچہ کے صدر سنتوش سُمن اور NDA کے کئی دیگر رہنماؤں نے کل پٹنہ میں جنتا دل یونائیٹڈ کے صدر اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران حکومت تشکیل دینے کے حوالے سے غیر رسمی بات چیت ہوئی۔ JDU کے قائم مقام صدر سنجے جھا اور مرکزی وزیر راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ نے بھی کل شام نئی دلّی میں BJP کے سینئر رہنما اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی۔ باور کیا جاتا ہے کہ اس ملاقات میں نئی حکومت تشکیل دینے کے سلسلے میں ابتدائی بات چیت ہوئی۔
ریاستی کابینہ کا آخری اجلاس کل ہونے کا امکان ہے۔ اس اجلاس میں کابینہ کو تحلیل کرنے کی سفارش کی جائے گی۔
جنتا دل یو نے پٹنہ میں اپنے نئے منتخب 85 ارکانِ اسمبلی کو طلب کیا ہے۔ کل جنتادل یونائیٹڈ لیجسلیچر پارٹی کی ایک میٹنگ ہوگی، جس میں پارٹی کے صدر نتیش کمار کو لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کیا جائے گا۔ NDA میں شامل تمام 5 پارٹیوں کی الگ-الگ میٹنگ ہوگی، جس میں ارکانِ اسمبلی لیجسلیچر پارٹی کے لیڈروں کو منتخب کریں گے۔ بعد میں ایک مشترکہ میٹنگ ہوگی، جس میں NDA کے لیڈر کا انتخاب کیا جائے گا۔ لوک جَن شکتی پارٹی رام ولاس لیجسلیچر پارٹی کی ایک میٹنگ کل منعقد ہوئی، جس میں پارٹی کے ریاستی صدر راجو تیواری کو لیڈر منتخب کیا گیا۔ ہندوستانی عوام مورچہ اور راشٹریہ لوک مورچہ لیجسلیچر پارٹیوں کی میٹنگ بھی آج ہونے کی توقع ہے۔
دوسری طرف اسمبلی انتخابات میں راشٹریہ جنتا دل کی بدترین شکست کے بعد پارٹی کے اندر اختلافات گہرے ہو گئے ہیں۔ پارٹی کی رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد کی بیٹی، روہنی آچاریہ نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ راشٹریہ جنتا دل چھوڑ رہی ہیں اور لالو خاندان سے بھی تعلقات منقطع کر رہی ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی کو بدترین شکست ہوئی ہے اور کارکن سوال کر رہے ہیں کہ اس کا ذمہ دار کون ہے۔
روہنی نے کہا کہ جب انہوں نے یہ سوالات اٹھائے تو تیجسوی یادو کے مشیروں، سنجے یادو اور رمیز خان نے انہیں دھمکی دی۔ روہنی آچاریہ نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں سارن پارلیمانی حلقے سے اپنی سیاسی قسمت آزمائی تھی۔×