بہار میں NDA کے نو منتخبہ اسمبلی ارکان اپنا لیڈر چننے کیلئے کل پٹنہ میں میٹنگ کریں گے۔ پانچ اتحادی پارٹیوں BJP، جنتا دل یونائیٹڈ، لوک جَن شکتی پارٹی رام وِلاس، ہندوستانی عوام مورچہ اور راشٹریہ لوک مورچہ سے تعلق رکھنے والے NDA کے 202 اسمبلی ارکان اس میٹنگ میں شرکت کریں گے۔
امکان ہے کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو پٹنہ میں اتحادی پارٹیوں کی میٹنگ میں ایک بار پھر NDA قانون ساز پارٹی کے لیڈر کے طور پر دوبارہ منتخب کیا جائے گا۔ اس کے بعد جناب کمار گورنر کو اپنا استعفیٰ پیش کرنے کیلئے راج بھون جائیں گے اور نئی حکومت تشکیل دینے کا اپنا دعویٰ پیش کریں گے۔
اسمبلی چناؤ کے نتائج کے اعلان کے بعد سے BJP اور جنتا دل یونائیٹڈ کے ساتھ ساتھ دیگر اتحادی پارٹیوں کے سینئر لیڈر NDA کی نئی حکومت کے ڈھانچے پر لگاتار تبادلہئ خیال کر رہے ہیں۔
تبادلہئ خیال کے حتمی مرحلے کے دوران بہت سے امور پر بھی غور و خوض کیا جا رہا ہے، جن میں قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر کا عہدہ، نئی حکومت کی کابینہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی، جنتا دل یونائیٹڈ، لوک جَن شکتی پارٹی رام وِلاس، ہندوستانی عوام مورچہ اور راشٹریہ لوک مورچہ کی نمائندگی شامل ہے۔
پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں حلف برداری کی تقریب کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ یہ تقریب جمعرات کو منعقد ہوگی۔ توقع ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی، BJP کی حکمرانی والی ریاستوں کے وزراء اعلیٰ اور NDA کے سینئر لیڈر نئی حکومت کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں گے۔
ریاستی کابینہ نے 19 نومبر سے موجودہ قانون ساز اسمبلی تحلیل کرنے کی سفارش کی ہے۔ ×