October 19, 2025 9:44 PM

printer

بہار میں سیٹوں کی تقسیم کے معاملے پر RJD، کانگریس اور بائیں بازو کی پارٹیوں پر مشتمل عظیم اتحاد میں، اختلافات ابھر گئے ہیں۔ اسی دوران، اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے کاغذاتِ نامزدگی داخل کرنے کا عمل کَل ختم ہوجائے گا

بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے نام واپس لینے کی کَل آخری تاریخ ہے۔ اس مرحلے کے تحت 18 ضلعوں کے121 حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ مختلف پارٹیوں اور آزاد امیدواروں کی طرف سے دو ہزار 496 کاغذاتِ نامزدگی داخل کئے گئے تھے، جن میں سے487 کو رد کردیا گیا ہے۔ اِس مرحلے کے تحت دو ہزار 9 کاغذات صحیح پائے گئے ہیں۔ اب چنائو میدان میں امیدواروں کی قطعی تعداد، کاغذاتِ نامزدگی کا عمل پورا ہونے کے بعد واضح ہوگی۔اِسی دوران، 20 ضلعوں میں 122 اسمبلی حلقوں کے دوسرے مرحلے کے چنائو کیلئے کاغذاتِ نامزدگی کا عمل کَل پورا ہوجائے گا۔ اس مرحلے کیلئے ابھی تک ایک ہزار 66 امیدواروں نے اپنے کاغذات داخل کئے ہیں۔ امیدوار دوسرے مرحلے کے تحت اپنے نام 23 اکتوبر تک واپس لے سکتے ہیں۔
بہار میں سبھی 243 اسمبلی حلقوں کیلئے پولنگ دو مرحلوں، 6 نومبر اور 11 نومبر کو کرائی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں یہ کاغذاتِ نامزدگی داخل کرنے کے عمل کے بعد عظیم اتحاد میں اختلافات اور بھی زیادہ ابھر کر آگئے ہیں۔ یہ اتحاد راشٹریہ جنتادَل RJD، کانگریس اور بائیں بازو کی پارٹیوں پر مشتمل ہے۔ بہت سے حلقوں نے عظیم اتحاد کی حلیف پارٹیوں کے امیدوار، ایک دوسرے کے خلاف ہی چنائو لڑ رہے ہیں۔121 سیٹوں کیلئے، مہاگٹھ بندھن کے امیدواروں کی تعداد، جنھوں نے کاغذاتِ نامزدگی داخل کئے ہیں، حلقوں کی تعداد سے تجاوز کر گئی ہے۔ اس معاملے کو حل کرنے کیلئے کانگریس نے، RJD رہنما اور عظیم اتحاد کی انتخابی تال میل کمیٹی کے چیئرمین تیجسوی پرساد یادو سے زور دے کر کہا ہے کہ وہ اِس سلسلے میں کوئی قدم اٹھائیں۔البتہ کچھ حلقوں میں کئی امیدواروں کی طرف سے ایک ہی سیٹ کا دعویٰ کئے جانے کے بعد اتحاد نے کوئی مشترکہ فہرست جاری نہیں کی ہے۔دوسری طرف NDA نے اپنی پانچ حلیف پارٹیوں کے سبھی سیٹوں پر امیدواروں کا اعلان کردیا ہے۔
اسدالدین اویسی کی قیادت والے AIMIM نے آج بہار اسمبلی انتخابات کیلئے 25 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی ہے۔ اِن میں سے سابق وزیر مُناظر حسن نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی پہلے مرحلے کیلئے مُنگیر حلقے سے پہلے ہی داخل کردیئے ہیں۔ ریاستی صدر اختر الایمان پورنیہ میں Amour حلقے سے چنائو لڑیں گے۔ اسی دوران، بھارتیہ جنتا پارٹی BJP نے اپنی اہم شخصیتوں کی مدد سے زبردست چنائو مہم شروع کردی ہے۔ سینئر BJP رہنما اور وزیر اعظم نریندر مودی پارٹی کی اسمبلی انتخابی مہم سمستی پور سے24 اکتوبر کو شروع کریں گے۔ اُسی دن وہ بیگوسرائے میں ایک ریلی سے بھی خطاب کریں گے اور بعد میں وہ30 اکتوبر کو مظفرپور اور چھپرہ میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کریں گے۔RJD، کانگریس اور بائیں بازو کے رہنما بھی ریاست کے مختلف علاقوں میں عوامی جلسے منعقدکریں گے۔
انتخابی کمیشن نے مرکزی مشاہدین سے کہا ہے کہ وہ شفاف، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے بہار اور دوسری ریاستوں کے آٹھ اسمبلی حلقوں کے ضمنی انتخابات کے پورے انتخابی عمل پر قریبی نظر رکھیں۔ آٹھ اسمبلی حلقوں میں جموںوکشمیر کے بڈگام اور نگروٹا، راجستھان کا Anta ، جھارکھنڈ کا گھاٹ سیلا، تلنگانہ کا جبلی ہلس، پنجاب کا Tarn Taran، میزورم کا Dampa اور اڈیشہ کا Nuapada حلقہ شامل ہے۔کمیشن کے مطابق تمام مشاہدین نے اپنے اپنے حلقوں کا پہلا دورہ مکمل کر لیا ہے اور اب وہ اپنے متعلقہ حلقوں میں ہیں۔
کمیشن نے بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے 121 عام مشاہدین اور 18 پولس مشاہدین جبکہ دوسرے مرحلے کیلئے122 عام مشاہدین اور20 پولس مشاہدین کو مقرر کیا ہے۔ اس کے علاوہ ضمنی انتخابات کیلئے 8 جنرل مشاہدین اور 8 پولس مشاہدین کو بھی مقرر کیا گیا ہے۔ مشاہدین کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کریں اور ووٹروں کی سہولت کیلئے کمیشن کے ذریعہ کئے گئے اقدامات کے نفاذ کو یقینی بنائیں۔بہار میں پہلے مرحلے کیلئے انتخابات 6 نومبر کو جبکہ دوسرے مرحلے کیلئے ووٹنگ 11 نومبر کو ہوگی۔ 11 نومبر کو ہی 8 اسمبلی سیٹوں کے ضمنی انتخابات ہوںگے۔ ووٹوں کی گنتی14 نومبر کو ہوگی۔

 

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔
سب دیکھیں arrow-right

کوئی پوسٹ نہیں ملی۔