بہار میں دریائے گنگا، گنڈک، سون، کوسی، مہانندا اور باگمتی سمیت بڑے دریاؤں میں طغیانی کے باعث ریاست کے 10 ضلعوں کے 19 لاکھ سے زیادہ افراد سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ بھاگل پور، مونگیر، بیگوسرائے، ویشالی، بھوجپور، کھگڑیا اور پٹنہ سب سے زیادہ متاثرہ ضلعوں میں ہیں۔ ریاست کے زیادہ تر دریاؤں سے متصل علاقوں میں لگاتار بارش ہونے سے دریاؤں میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے اوپر چلی گئی ہے۔ بڑی تعداد میں بے گھر افراد کو اپنے گھروں سے نِکل کر محفوظ جگہوں پر پناہ لینی پڑی ہے۔ دریائے گنگا میں پانی کی سطح میں اضافے کی وجہ سے بھاگل پور شہر کے کئی حصوں میں پانی بھر گیا ہے۔ اِس سے ساڑھے 4 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ اِسی طرح لاکھوں لوگ بیگوسرائے، مونگیر اور پٹنہ میں بھی سیلاب سے متاثر ہیں۔
اِس دوران موسمیات کے محکمے نے کَل بھی شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
بہار میں بھاگلپور، بھوجپور، پٹنہ اور لکھی سرائے سمیت کئی ضلعوں میں سیلاب اور پانی جمع ہونے کی وجہ سے سڑکوں پر کشتیوں کا استعمال کیا جارہا ہے۔ بہت سے علاقوں میں بہت زیادہ پانی جمع ہوجانے کے سبب لوگ اپنے گھروں میں رہنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں اسکول بند کردیئے گئے ہیں۔ پٹنہ میں Kadamkuan، راجیونگر اور دیگھا سمیت کئی علاقوں میں بہت زیادہ پانی بھر گیا ہے۔ شہر کے کئی علاقوں میں ٹریفک جام کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی ہورہی ہے۔
اِس دوران IMD نے جموں و کشمیر، اترا کھنڈ اور تلنگانہ میں آج شدید بارش کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔
Site Admin | August 13, 2025 2:49 PM
بہار میں بڑے دریاؤں میں طغیانی آنے کے سبب بڑے پیمانے پر سیلاب آجانے سے 10 اضلاع میں 19 لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں
