بہار کے اسمبلی انتخابات اِس سال 6 اور 11 نومبر کو دو مرحلوں میں ہوں گے۔ ووٹوں کی گنتی 14 نومبر کو ہوگی۔ آج انتخابی کمیشن نے 243 رکنی بہار اسمبلی انتخابات کیلئے چنائو کے پروگرام کا اعلان کیا۔ اِس اعلان کے ساتھ ہی بہار میں مثالی ضابطہ عمل نافذ ہوگیا ہے۔ پہلے مرحلے کے تحت 121 اسمبلی حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں 122 حلقوں میں پولنگ ہوگی۔ آج نئی دلّی میں میڈیا کو تفصیل بتاتے ہوئے چیف انتخابی کمشنر گیانیش کمار نے کہا کہ ریاست میں 7 کروڑ 43 لاکھ ووٹروں کیلئے 90 ہزار 712 سے زیادہ پولنگ مراکز قائم کئے جائیں گے۔
انھوں نے مطلع کیا کہ پہلے مرحلے کی ووٹنگ کیلئے نوٹیفکیشن اِس ماہ کی 10 تاریخ کو جاری کیا جائے گا اور امیدوار 17 اکتوبر تک اپنے پرچۂ نامزدگی داخل کرسکیں گے۔ دوسرے مرحلے کی پولنگ کیلئے نوٹیفکیشن اِس ماہ کی 13 تاریخ کو جاری کیا جائے گا اور 20 اکتوبر تک کاغذاتِ نامزدگی داخل کئے جاسکیں گے۔
چیف انتخابی کمشنر نے کہا کہ پہلی مرتبہ ہر حلقے میں ایک عام مشاہد کو تعینات کیا جائے گا جو کمیشن کو ہر پہلو سے باخبر رکھے گا۔ جناب کمار نے مزید کہا کہ چناوی عمل کی نگرانی کیلئے سبھی پولنگ مراکز پر ویب کاسٹنگ کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ ضلع مجسٹریٹ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ کو کسی بھی طرح کے تشدد کو بالکل بھی برداشت نہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انھوں نے اِس بارے میں بھی مطلع کیا کہ ریاست میں مناسب تعداد میں مرکزی مسلح پولیس دستے تعینات کئے جائیں گے اور مختلف چیک پوائنٹس پر منشیات، نقد رقم یا شراب کو غیرقانونی طور پر لانے لے جانے پر سخت چوکسی برتی جائے گی۔ چیف انتخابی کمشنر گیانیش کمار نے 7 ریاستوں میں آٹھ اسمبلی حلقوں کیلئے ضمنی انتخابات کا بھی اعلان کیا۔ یہ اسمبلی حلقے ہیں، جموں وکشمیر میں بڈگام اور نگروٹہ، راجستھان میں Anta، جھارکھنڈ میں Ghatsila، تلنگانہ میں جبلی ہلز، پنجاب میں ترن تارن، میزورم میں Dampa اور اڈیشہ میں Nuapada۔ یہ ضمنی انتخابات 11 نومبر کو ہوں گے اور ووٹوں کی گنتی 14 نومبر کو کی جائے گی۔