بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 64 اعشاریہ چھ-چھ فیصد ووٹ ڈالے گئے، جو ریاست کی تاریخ میں اب تک کا سب سے زیادہ ووٹنگ فیصد ہے۔ کُل ایک ہزار 314 امیدواروں کی سیاسی قسمت کا فیصلہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں بند ہو گیا ہے۔ اس مرحلے میں جو سرکردہ رہنماء انتخابی میدان میں تھے، اُن میں BJP کے رہنما اور نائب وزراء اعلیٰ سمراٹ چودھری اور وِجے کمار سنہا، نتیش کمار کابینہ کے 16 وزراء اور RJD لیڈر اور مہا گٹھ بندھن کے وزیر اعلیٰ کے امیدوار تیجسوی پرساد یادو شامل ہیں۔
اِکّا دُکّا واقعات کو چھوڑ کر پولنگ مجموعی طور پر پُر امن رہی۔ لکھی سرائے ضلعے میں کچھ شر پسندوں نے ایک پولنگ بوتھ کے نزیک نائب وزیر اعلیٰ اور BJP امیدوار وِجے کمار سنہا کے قافلے پر حملہ کر دیا۔
انتخابی کمیشن نے اس واقعے کا سنگین نوٹس لیا ہے اور DGP وِنے کمار کو ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔
انتخابی کمیشن کے بین الاقوامی انتخابی مہمان پروگرام کے تحت 6 ملکوں سے مندوبین نے انتخابات والے مختلف حلقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے پولنگ عمل کا مشاہدہ کیا اور آزادانہ منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے انتخابی کمیشن کے اقدامات کی ستائش کی۔×