بہار میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی مہم کیلئے اب محض ایک دن باقی رہ گیا ہے۔ یہ مہم کَل شام ختم ہوجائے گی۔ NDA اور عظیم اتحاد، دونوں کی ممتاز شخصیتوں اور سینئر رہنماؤں نے اِس مہم میں اپنی پوری طاقت کا استعمال کیا ہے اور اپنے اپنے امیدواروں کی حمایت میں اِن ووٹروں کو لبھانے کی کوشش کی ہے۔
آج پہلے مرحلے کے علاوہ، جن حلقوں میں دوسرے مرحلے کے تحت چناؤ ہوں گے اُن کیلئے بھی مہم شروع کی جائے گی۔ مختلف سیاسی پارٹیوں کے رہنما ووٹروں تک نہ صرف انتخابی ریلیوں کے ذریعے، بلکہ سوشل میڈیا پلیٹ فارموں کے ذریعے بھی رسائی حاصل کررہے ہیں۔
ممتاز شخصیتیں اور سینئر رہنما اپنی پارٹی کے امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے ووٹروں تک رسائی حاصل کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کَل پٹنہ میں 2 عوامی جلسوں سے خطاب کیا اور روڈ شو کیے۔ آج جناب مودی، سہرسا اور کٹیہار میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کریں گے۔ سینئر بی جے پی رہنما اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، شیوہر، سیتامڑھی اور مدھوبنی میں آج الگ الگ عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ کانگریس کی جنرل سکریٹری اور ممبر پارلمینٹ پرینکا گاندھی، مہاگٹھ بندھن کے امیدواروں کی حمایت میں سہرسا میں ایک ریلی سے خطاب کریں گی۔ راشٹریہ جنتا دل کے رہنما اور مہاگٹھ بندھن کے وزیر اعلیٰ کے عہدے کے امیدوار تیجسوی پرساد یادو، بکسر، بھوجپور، سارن، پٹنہ اور نالندہ ضلعوں میں، 15 عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے۔
AIMIM، جن شکتی جنتا دل اور جن سوراج پارٹی کی مشہور شخصیتیں اور رہنما بھی آج انتخابی ریلیوں سے خطاب کریں گی اور روڈ شو کا انعقاد کریں گی۔