بہار اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے نوٹیفکیشن آج جاری کر دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی 20 ضلعوں کے 122 اسمبلی حلقوں کے لیے کاغذاتِ نامزدگی داخل کرنے کا عمل شروع ہو جائے گا۔ دوسرے مرحلے کے لیے کاغذاتِ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 20 اکتوبر ہے۔ کاغذات کی جانچ 21 اکتوبر کو ہوگی، جبکہ 23 اکتوبر تک امیدواری واپس لی جا سکتی ہے۔ ووٹنگ، 11 نومبر کو ہوگی۔ کاغذاتِ نامزدگی صبح 11 بجے سے سہ پہر تین بجے تک داخل کیے جا سکتے ہیں۔ انتخابی کمیشن نے نامزدگی مراکز پر سکیورٹی کے پختہ انتظامات کیے ہیں۔ 243 رکنی بہار اسمبلی انتخابات کے دونوں مرحلوں کے لیے ووٹوں کی گنتی 14 نومبر کو ہوگی۔
اس دوران اسمبلی انتخابات میں مجموعی طور پر 7 کروڑ 42 لاکھ رائے دہندگان اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں گے۔
بہار اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 11 نومبر کو 122 اسمبلی حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اس مرحلے میں بھارت-نیپال سرحد پر واقع 7 ضلعوں میں پولنگ ہوگی۔ وہیں جنوبی بہار کے 8 ضلعوں میں بھی دوسرے مرحلے میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اس مرحلے میں سیمانچل خطّے کے کشن گنج، ارریہ، پورنیہ اور کٹیہار میں پولنگ ہوگی۔ اسی طرح مگدھ خطّے گیا، جہان آباد، نوادا اور اورنگ آباد ضلعوں میں بھی رائے دہی ہوگی۔ پڑوسی ریاستوں جھارکھنڈ اور اترپردیش کی سرحد پر واقع کئی اسمبلی حلقوں میں بھی دوسرے مرحلے میں پولنگ ہوگی۔
اس کے تناظر میں آزاد اور پُر امن انتخابی عمل کو یقینی بنانے کے مقصد سے پڑوسی ریاستوں کی سکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر تال میل پر مبنی فلیگ مارچ اور نکسل مخالف کارروائیاں انجام دی جا رہی ہیں۔