ڈاؤن لوڈ کریں
موبائل ایپ

android apple
Listen to live radio

November 11, 2025 9:47 AM | Bihar - Polling

printer

بہار میں اسمبلی انتخابات کے دوسرے اور آخری مرحلے کی پولنگ شروع ہو گئی ہے۔

بہار میں اسمبلی انتخابات کی دوسرے اور آخری مرحلے کی پولنگ شروع ہو گئی ہے۔ اس مرحلے میں 20 ضلعوں میں پھیلے ہوئے 122 حلقوں میں ووٹنگ ہو رہی ہے۔ تین کروڑ 70 لاکھ سے زیادہ رائے دہندگان، ایک ہزار 302 امیدواروں کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کریں گے، جن میں 136 خواتین بھی شامل ہیں۔

ووٹنگ کا عمل صبح 7 بجے شروع ہوا ہے اور یہ شام 6 بجے تک جاری رہے گا۔ البتہ 7 حلقوں میں سکیورٹی وجوہات سے پولنگ شام 5 بجے ختم ہو جائے گی۔

اِدھر ڈائریکٹر جنرل پولیس وِنے کمار نے کہا ہے کہ سکیورٹی کے نقطہئ نظر سے نیپال سے متصل سرحد نیز اترپردیش، مغربی بنگال اور جھارکھنڈ سے متصل بین ریاستی سرحدوں کو سیل کر دیا گیا ہے اور گشت کا سلسلہ جاری ہے۔

اس کے علاوہ پولنگ مکمل ہونے تک جئے نگر، مدھوبنی سے نیپال میں جنک پور کے درمیان میتری ایکسپریس ٹرین خدمات کو معطل کر دیا گیا ہے۔

انتخابی کمیشن نے پٹنہ میں اعلیٰ چناؤ افسر کے دفتر میں جدید طرز کا کنٹرول اور کمان مرکز قائم کیا ہے، تاکہ پورے چناؤ عمل پر نظر رکھی جا سکے۔ سبھی 20 ضلع صدر مقامات پر بھی اسی طرح کے کنٹرول روم قائم کیے گئے ہیں۔

خواتین کو بااختیار بنانے کے پیغام کو اُجاگر کرتے ہوئے 595 ایسے پولنگ مرکز بنائے گئے ہیں، جہاں پورا انتظام خواتین پر مشتمل عملہ سنبھالے گا۔ اس کے علاوہ 21 پولنگ مراکز ایسے ہیں، جہاں دِویانگ جَن پوری ذمہ داری سنبھال رہے ہیں۔ اس کے علاوہ 316 ماڈل پولنگ مراکز بھی بنائے گئے ہیں۔