بہار اسمبلی انتخابات کے دوسرے اور آخری مرحلے میں اب سے کچھ دیر پہلے تک 47 فیصد سے زیادہ ووٹنگ ہو چکی تھی۔ اس مرحلے میں 20 ضلعوں کے 122حلقوں میں ووٹنگ ہو رہی ہے۔ تین کروڑ 70 لاکھ سے زیادہ ووٹر 136 خواتین امیدواروں سمیت ایک ہزار 302 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ ووٹنگ صبح سات بجے شروع ہوئی تھی اور یہ شام 6بجے تک جاری رہے گی۔ سیکیورٹی کی وجہ سے 7 حلقوں میں ووٹنگ شام 5 بجے ختم ہوجائے گی۔
انتخابی کمیشن نے پُرامن ووٹنگ کیلئے خاطر خواہ اقدامات کیے ہیں۔ گیاجی اور کشن گنج میں پہلے دو گھنٹوں میں سب سے زیادہ ووٹنگ تقریباً 16 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ وزیراعظم نریندر مودی نے بہار کے ووٹروں سے زور دے کر کہا ہے کہ وہ جوش و خروش کے ساتھ اپنے حق کا استعمال کریں۔
ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں جناب مودی نے ریاست کے اُن نوجوان افراد سے بھی اپیل کی کہ جو اِس حق کا پہلی مرتبہ استعمال کر رہے ہیں کہ وہ دوسروں کو بھی ووٹ ڈالنے کی ترغیب دیں۔
پہلے مرحلے کے انتخابات 6 نومبر کو ہوئے تھے جس میں تقریباً 65 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی تھی۔ ووٹوں کی گنتی 14 نومبر کو کی جائے گی۔