بہار میں نئی سرکار کی تشکیل کیلئے سیاسی صلاح و مشورے کے عمل میں تیزی آگئی ہے۔ پٹنہ میں وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار کی رہائش گاہ، سیاسی سرگرمیوں کا اصل مرکز بن گیا ہے، جہاں اتحادی پارٹیوں کے ساتھ کئی میٹنگیں ہوئی ہیں۔ NDA کے کئی سرکردہ رہنماؤں نے وزیرِ اعلیٰ سے ملاقات کی اور اگلی سرکار بنانے کے بارے میں تبادلہئ خیال کیا۔
BJP کے سرکردہ لیڈر اور مرکزی وزیر نتیانند رائے، نائب وزیرِ اعلیٰ وجے کمار سنہا اور راشٹریہ لوک مورچے کے صدر اُپیندر کُشواہا نے آج نتیش کمار سے ملاقات کی۔ NDA میں شامل پارٹیوں کے ارکانِ اسمبلی کی میٹنگیں بھی آج ہورہی ہیں۔
JDU نے پٹنہ میں اپنے نئے منتخب 85 ارکانِ اسمبلی کو طلب کیا ہے۔ آج JDU لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ ہونے کا امکان ہے، جس میں پارٹی صدر نتیش کمار کو لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کئے جانے کی امید ہے۔
اِدھر BJP لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ کَل ہونے کا امکان ہے۔
NDA میں شامل سبھی پارٹیوں کی جانب سے اپنی اپنی قانون ساز پارٹی کے لیڈر منتخب کرلینے کے بعد NDA نئے منتخب سبھی 202 ارکانِ اسمبلی کی مشترکہ میٹنگ ہوگی، جس میں NDA قانون ساز پارٹی کے لیڈر کا انتخاب کیا جائے گا۔