ڈاؤن لوڈ کریں
موبائل ایپ

android apple
Listen to live radio

October 10, 2025 9:59 AM | BIHAR NOMINATIONS

printer

بہار میں، اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کا نوٹیفکیشن آج جاری کیا جائے گا۔

بہار میں، اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کا نوٹیفکیشن آج جاری کیا جائے گا۔ اس طرح پہلے مرحلے میں 121 اسمبلی حلقوں کے لیے کاغذاتِ نامزدگی داخل کرنے کا عمل شروع ہو جائے گا۔ دن میں 11 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک پرچے بھرے جا سکیں گے۔ انتخابی کمیشن نے نامزدگی داخل کرنے کے مراکز کے اطراف سخت سکیورٹی انتظامات کیے ہیں۔ اِن مراکز کے اندر اور اِن کے اطراف لوگوں کے ہجوم کی اجازت نہیں ہوگی۔ امیدوار کے ساتھ صرف تین گاڑیوں اور نام تجویز کرنے والے سمیت زیادہ سے زیادہ 5 افراد کو ہی جانے کی اجازت ہوگی۔ نامزدگی کے پورے عمل کی ویڈیو گرافی کی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں، اگلے مہینے کی 6 تاریخ کو شمالی اور جنوبی بہار کے ضلعوں میں پولنگ ہوگی۔

اِن میں پٹنہ، دربھنگہ، مدھے پورہ، سہرسہ، مظفرپور، گوپال گنج، سیوان، سارن، ویشالی، سمستی پور، بیگوسرائے، لکھی سرائے، مونگیر، شیخ پورہ، نالندہ، بکسر اور بھوجپور شامل ہیں۔ امیدوار اس مہینے کی 17 تاریخ تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی داخل کر سکیں گے۔ اس کے اگلے روز کاغذات کی جانچ پڑتال ہوگی اور 20 اکتوبر تک نام واپس لیے جا سکیں گے۔ بہار میں اسمبلی انتخابات دو مرحلوں میں کرائے جا رہے ہیں۔ دوسرے مرحلے کی پولنگ 11 نومبر کو ہوگی، جبکہ ووٹوں کی گنتی 14 نومبر کو کی جائے گی۔

اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے آج 121 اسمبلی حلقوں کے لیے نامزدگی پرچے داخل کرنے کا عمل شروع ہو جائے گا۔ پہلے مرحلے میں پٹنہ کے ساتھ ساتھ 17 دیگر ضلعوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اِدھر ریاست میں، سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ البتہ حکمراں NDA اور اپوزیشن کے عظیم اتحاد نے سیٹوں میں حصے داری کے بندوبست کو ابھی حتمی شکل نہیں دی ہے۔ BJP کے سرکردہ لیڈر لوک جَن شکتی پارٹی رام ولاس کو راضی کرنے کے لیے کوشش کر رہے ہیں۔ مرکزی وزیر چراغ پاسوان اس پارٹی کے سربراہ ہیں۔ اس طرح کی قیاس آرائی کی جا رہی ہے کہ اس مہینے کی 12 یا 13 تاریخ کو سیٹوں میں حصے داری کے سمجھوتے کا اعلان کر دیا جائے گا۔ دوسری طرف عظیم اتحاد میں شامل پارٹیوں، کانگریس، RJD اور بائیں بازو کی پارٹیوں کے درمیان بھی ابھی اس معاملے پر اتفاقِ رائے نہیں ہوا ہے۔ اس معاملے کو حل کرنے کے لیے آج پٹنہ میں RJD کے صدر لالو پرساد اور کانگریس کے سرکردہ رہنماؤں کے درمیان میٹنگ ہونے کی امید ہے۔