بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے ساتھ ہی دوسرے مرحلے کی انتخابی مہم نے بھی رفتار پکڑ لی ہے۔ پہلے مرحلے کے تحت 121 اسمبلی حلقوں کیلئے 6 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے، جبکہ دوسرے مرحلے کے تحت 122 حلقوں کیلئے 11 نومبر کو پولنگ ہوگی۔ NDA اور عظیم اتحاد دونوں کے سینئر رہنما اور سرکردہ شخصیات آج کئی انتخابی ریلیوں سے خطاب کرنے والے ہیں۔
انتخابی مہم کے دوران دونوں اتحاد کے رہنما ریاست میں امن و امان، بے روزگاری، نقل مکانی، بہار کی ترقی اور دیگر اہم معاملات پر ایک دوسرے پر الزام تراشی کررہے ہیں۔
جنتا دَل یونائیٹیڈ کے صدر اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کَل NDA کے امیدواروں کی حمایت میں کئی ریلیوں سے خطاب کیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی 30 اکتوبر کو چھپرہ اور مظفرپور میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کریں گے۔ عظیم اتحاد کے وزیر اعلیٰ کے عہدے کے امیدوار تیجسوی پرساد یادو بھی کئی حلقوں میں انتخابی ریلیاں کررہے ہیں۔ چھٹھ مہاپرَو کے بعد اسمبلی انتخابات کی مہم میں مزید تیزی آنے کا امکان ہے۔ اس دوران جنتا دَل یونائیٹڈ نے بغاوت کرتے ہوئے NDA کے باضابطہ امیدواروں کے خلاف الیکشن لڑنے والے 11 لیڈروں کو پارٹی سے نکال دیا ہے، جن میں سابق وزراء اور سابق ارکان اسمبلی بھی شامل ہیں۔ نکالے گئے اہم لیڈروں میں سابق وزیر شیلیش کمار اور JDU کے سابق ارکان اسمبلی شیام بہادر سنگھ اور سودرشن کمار شامل ہیں۔
ایک اور پیش رفت میں، کانگریس نے اویناش پانڈے کو بہار کیلئے انتخابی کوآرڈینیٹر مقرر کیا ہے، تاکہ وہ انتخابی مہم کے دوران انتظامات اور حکمت عملی کی نگرانی کرسکیں۔
Site Admin | October 26, 2025 9:59 AM | Bihar Campaiging
بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے ساتھ ہی دوسرے مرحلے کی انتخابی مہم نے بھی رفتار پکڑ لی ہے