بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی چناؤ مہم اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے۔ NDA اور مہاگٹھ بندھن دونوں کے سرکردہ لیڈر ریاست میں مختلف مقامات پر عوامی ریلیوں سے خطاب کررہے ہیں۔
جنتا دل یونائیٹڈ – JDU کے قومی صدر اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے مونگیر ضلع میں تاراپور کے مقام پر ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راشٹریہ جنتا دل – RJD کبھی بھی بہار کی ترقی کو یقینی نہیں بنا سکتا، کیونکہ وہ خاندانی سیاست میں یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مہاگٹھ بندھن کا انتخابی منشور، ریاست کے عوام کو گمراہ کرنے کی محض ایک چال ہے۔
اِس دوران، کانگریس لیڈر اور راجستھان کے سابق نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ نے پٹنہ میں کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار بیس سال سے بہار پر راج کررہے ہیں، اِس لیے NDA حکومت، ریاست کی خراب اقتصادی حالت اور پسماندگی کیلئے پوری طرح ذمہ دار ہے۔
اِس دوران بی جے پی کے سرکردہ لیڈر اور وزیر اعظم نریندر مودی نے آج آرا میں ایک ریلی سے خطاب کیا۔ اِس کے علاوہ بی جے پی کے ہی ایک اور سرکردہ لیڈر اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے مظفر پور میں ایک ریلی سے خطاب کیا۔ دوسری جانب کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بیگوسرائے میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کیا۔
اِس کے علاوہ مہاگٹھ بندھن کے وزیر اعلیٰ کے عہدے کے امیدوار تیجسوی پرساد یادو آج ریاست بھر میں 17 ریلیوں سے خطاب کریں گے۔