بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی تشہیری مہم تیز ہو گئی ہے۔ پہلے مرحلے کے تحت بہار کے 18 ضلعوں کے 121 اسمبلی حلقوں میں 6 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ پولنگ والے حلقوں میں NDA اور عظیم اتحاد دونوں کے سرکردہ رہنما لگاتار انتخابی جلسے کر رہے ہیں۔ تشہیری مہم کے دوران ترقی، امن و قانون کی صورتحال، بے روزگاری، نقلِ مکانی اور تعلیم سے متعلق معاملات کو اُٹھایا جا رہا ہے۔
BJP کے سرکردہ رہنما اور مرکزی وزیر امت شاہ آج لگاتار دوسرے دن بہار میں NDA امیدواروں کے لیے تشہیری مہم چلائیں گے۔ جناب شاہ، کھگڑیا، مونگیر اور نالندہ ضلعوں میں عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ جنتا دل یونائیٹڈ کے قومی صدر اور بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار بھی بکسر ضلعے کے Dumraon اور پٹنہ ضلعے کے راما کرشنا نگر میں انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔
اس بیچ ہندوستان عوام مورچہ کے سرپرست اور مرکزی وزیر جیتن رام مانجھی، مدھے پورہ، سہرسہ اور دربھنگہ میں الگ الگ عوامی جلسے کریں گے۔ دوسری جانب عظیم اتحاد سے RJD لیڈر تیجسوی پرساد یادو اور وِکاس شیل انسان پارٹی کے سربراہ مُکیش سہنی، کھگڑیا ضلعے کے گوگری اور الولی اور پٹنہ ضلعے کے Barh اسمبلی حلقوں میں انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ اس کے علاوہ جَن سُراج پارٹی کے بانی پرشانت کشور، جَن شکتی جنتا دل کے سربراہ تیج پرتاپ یادو اور AIMIM کے لیڈرس بھی مختلف انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔