November 3, 2025 9:48 PM

printer

بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی انتخابی مہم ختم ہونے میں اب جب کہ ایک دن باقی رہ گیا ہے، NDA اور مہاگٹھ بندھن کے سرکردہ رہنما ووٹروں کو راغب کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں

بہار میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے تشہیری مہم عروج پر ہے۔ آج NDA اور عظیم اتحاد دونوں کے سرکردہ رہنماؤں نے ریاست کے مختلف حصوں میں اپنے اپنے امیدواروں کے حق میں تشہیری مہم چلائی۔ پہلے مرحلے کی تشہیری مہم کل شام ختم ہوجائے گی۔
وزیرِ اعظم اور BJP کے سرکردہ رہنما نریندر مودی نے سہرسہ اور کٹیہار میں NDA امیدواروں کے حق میں ووٹ مانگے، جہاں انہوں نے راشٹریہ جنتا دَل اور کانگریس پر سخت نکتہ چینی کی۔ کٹیہار میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے، وزیرِ اعظم نے الزام لگایا کہ عظیم اتحاد ناموافق سیاسی جماعتوں کا اتحاد ہے۔ جناب مودی نے مزید کہا کہ کانگریس کبھی بھی تیجسوی یادو کو وزیرِ اعلیٰ بننے نہیں دے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ RJD کا ماضی بدعنوانی سے داغدار ہے اور یہی وجہ ہے کہ RJD کے پوسٹروں پر، اُس کے پرانے رہنماؤں کو جگہ نہیں ملی ہے۔
مرکزی وزیرِ داخلہ اور سینئر BJP رہنما امت شاہ نے بھی شیوہر اور سیتامڑھی میں NDA امیدواروں کے حق میں تشہیری مہم چلائی۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی NDA حکومت، بہار کے سیلاب کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے سنجیدہ ہے اور اِسی لئے کوسی – میچی پروجیکٹ شروع کیا گیا ہے، جو کسانوں کو آبپاشی کی سہولتیں فراہم کرے گا۔ BJP کے سرکردہ رہنما یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی اپنے انتخابی جلسوں میں RJD اور کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے، جرائم اور امن و قانون کی صورتحال پر سوال اٹھائے۔ اِس دوران کانگریس کے قومی صدر ملک ارجن کھڑگے نے ویشالی ضلعے سے Rajapakar میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی اور بہار کے وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار کو عوام کو یہ بتانا چاہیئے کہ اُن کے 11 سالہ اور 20 سالہ اقتدار کے دوران دراصل کتنی ملازمتیں فراہم کی گئیں۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی سہرسہ میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے، NDA حکومت پر آئین کو تباہ کرنے کی کوششوں کا الزام عائد کیا۔
راشٹریہ جنتا دَل کے لیڈر تیجسوی پرساد یادو نے پٹنہ کے Fatuha میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اگر عظیم اتحاد حکومت بناتا ہے تو ریاست کے ہر خاندان کے ایک فرد کو سرکاری نوکری دی جائے گی۔
سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے بھی عظیم اتحاد کی حمایت میں تشہیری مہم چلائی، جبکہ RJD صدر لالو پرساد یادو نے اپنی پارٹی کے امیدواروں کے حق میں پٹنہ میں روڈ شو کیا۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔
سب دیکھیں arrow-right

کوئی پوسٹ نہیں ملی۔