October 17, 2025 9:45 AM | BIHAR NOMINATIONS

printer

بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے کاغذاتِ نامزدگی داخل کرنے کا عمل آج ختم ہوجائے گا۔

بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے کاغذاتِ نامزدگی داخل کرنے کا عمل آج ختم ہوجائے گا۔ اسمبلی کی 243 سیٹوں میں سے 121 سیٹوں کیلئے اِس مرحلے میں اگلے مہینے کی 6 تاریخ کو پولنگ ہوگی۔ پہلے مرحلے میں جن ضلعوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے، اُن میں پٹنہ، دربھنگہ، مظفر پور، گوپال گنج اور بھوج پور شامل ہیں۔

کاغذات کی جانچ پڑتال کَل کی جائے گی، جبکہ 20 اکتوبر تک نام واپس لیے جا سکیں گے۔

ہمارے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ پہلے مرحلے میں نامزدگیاں داخل کرنے کا آخری دن ہونے کی وجہ سے آج بڑی تعداد میں امیدواروں کی جانب سے پرچے بھرنے کی  امید ہے۔

BJP اور JDU کے بیشتر امیدواروں نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی پہلے ہی داخل کردیے ہیں۔ امید ہے کہ آج کانگریس اور RJD کے امیدوار کئی حلقوں میں اپنے پرچے بھریں گے۔ عظیم اتحاد میں سیٹوں میں حصہ داری کا اعلان ہونے میں تاخیر کی وجہ سے کانگریس نے 48 امیدواروں کی اپنی پہلی فہرست جاری کردی ہے۔ اِس میں 11 موجودہ ارکانِ اسمبلی کو پھر سے امیدوار بنایا گیا ہے۔

اِدھر ریاست میں چناؤ مہم میں تیزی آگئی ہے۔ BJP نے انتخابی مہم میں شامل ہونے والے 40 سرکردہ شخصیات کی فہرست جاری کی ہے۔ RJD نے بھی اسی طرح کی ایک فہرست کا اعلان کیا ہے۔

BJP کے سرکردہ لیڈر اور مرکزی وزیر امت شاہ آج سارن ضلعے میں دو عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ وہ پٹنہ میں اسمبلی انتخابات سے متعلق دانشوروں کی کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔ جناب امت شاہ نے انتخابات کی حکمتِ عملی پر تبادلہئ خیال کے لئے کل رات دیر گئے پارٹی رہنماؤں کے ساتھ میٹنگ کی۔