بہار اسمبلی انتخابات کے دوسرے اور آخری مرحلے کیلئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال آج کی جائے گی۔ اس مرحلے کے تحت 20 ضلعوں کے 122 اسمبلی حلقوں کیلئے 11 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اس مرحلے کی 122 سیٹوں کیلئے دو ہزار 600 سے زیادہ کاغذاتِ نامزدگی داخل کئے گئے ہیں۔ امیدوار 23 اکتوبر تک اپنا نام واپس لے سکتے ہیں۔ ریاست میں 6 نومبر اور 11 نومبر کو دو مرحلوں میں اسمبلی انتخابات ہورہے ہیں۔
عظیم اتحاد میں پارٹیوں کے درمیان تال میل ناکام رہا ہے۔ عظیم اتحاد کی پارٹیوں نے ایک دوسرے کے خلاف امیدوار کھڑے کئے ہیں۔ RJD نے 145 سیٹوں پر امیدوار اُتارے ہیں، کانگریس نے 61، CPIML نے 20 سیٹوں پر امیدوار کھڑے کئے ہیں، جبکہ مُکیش سہانی کی وِکاس شیل انسان پارٹی نے 15 سیٹوں کیلئے اپنے امیدوار نامزد کئے ہیں۔ بائیں بازو کی پارٹیوں کے درمیان CPI نے 9 سیٹوں پر، جبکہ CPIM نے چار سیٹوں پر امیدوار کھڑے کئے ہیں۔ اس کے علاوہ انڈین انکلوزِو پارٹی چار سیٹوں پر چناؤ لڑرہی ہے۔ بہار اسمبلی میں کُل 243 سیٹیں ہیں۔ دونوں ہی مرحلوں کے انتخاب کیلئے کانگریس اور RJD نے 6 حلقوں میں ایک دوسرے کے خلاف امیدوار اتارے ہیں۔ چار حلقوں میں کانگریس اور CPI کے امیدوار ایک دوسرے کے سامنے ہیں۔
اس طرح RJD اور VIP بھی ایک دوسرے کے خلاف لڑرہی ہیں۔ 23 اکتوبر کو دوسرے مرحلے کیلئے نام واپس لینے کے بعد اصل تصویر سامنے آئے گی۔