بہار اسمبلی انتخابات میں پہلے مرحلے کے تحت نتیش کمار سرکار کے 16 وزیر چناؤ لڑ رہے ہیں، اِن میں سے 11 بی جے پی اور 5 جنتا دل یونائٹیڈ سے تعلق رکھتے ہیں۔ انتخابات کے پہلے مرحلے کے تحت، ریاست میں 18 ضلعوں کے 121 اسمبلی حلقوں میں 6 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔
ہمارے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ BJP کے پاس اس مرحلے کے تحت میدان میں بہت سی ممتاز شخصیتیں ہیں۔
نائب وزیر اعلیٰ اور BJPکے امیدوار سمراٹ چودھری پہلی بار انتخابی میدان میں ہیں۔ وہ مُنگیر ضلعے کے تارا پور اسمبلی حلقے سے چناؤ لڑ رہے ہیں۔ دوسرے نائب وزیر اعلیٰ اور BJP کے امیدوار وِجے کمار سنہا، لکھی سرائے سے چناؤ لڑ رہے ہیں۔ صحت کے وزیر منگل پانڈے بھی پہلی بار چناؤ لڑ رہے ہیں۔ وہ BJP کے ایک نامزد امیدوار کے طور پر سیوان سے چناؤ میدان میں ہیں۔ پنچایتی راج کے وزیر کیدار پرساد گپتا مظفر پور ضلعے میں کُرہَنی حلقے سے چناؤ لڑ رہے ہیں، جبکہ سیاحت کے وزیر راجو کمار سنگھ صاحب گنج سے میدان میں اُترے ہیں۔ جنتا دل یونائٹڈ کے امیدواروں میں سینئر پارٹی رہنما اور آبی وسائل کے وزیر وِجے کمار چودھری، سمستی پور ضلعے میں سرائے رنجن سے چناؤ لڑ رہے ہیں۔
جبکہ اطلاع اور رابطہئ عامہ کے وزیر مہیشور ہزاری کلیان پور کی ریزرو سیٹ سے چناؤ میدان میں ہیں۔ تعلیم کے وزیر سنیل کمار گوپال گنج ضلع کے بھور حلقے سے چناؤ لڑ رہے ہیں۔