بہار اسمبلی انتخابات سے قبل سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں، کیونکہ قومی جمہوری اتحادNDA اور مہا گٹھ بندھن، دونوں کی اتحادی پارٹیاں سیٹوں کے بٹوارے کے فارمولے کو حتمی شکل دینے کے لیے لگاتار میٹنگیں کر رہی ہیں۔ BJPکور کمیٹی کی میٹنگ کل نئی دلی میں پارٹی کے صدر جگت پرکاش نڈا کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی۔ اِس میٹنگ میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور BJP کے دیگر سینئر رہنما موجود تھے۔
دوسری جانب، عظیم اتحاد کی اتحادی پارٹیاں بھی سیٹوں کے بٹوارے کو طے کرنے کی جانب بڑھ رہی ہیں۔ کانگریس اور بائیں بازو کی پارٹیاں، وکاس شیل انسان پارٹی VIP کی جانب سے زیادہ سیٹوں کے مطالبے پر ناراض بتائی جا رہی ہیں۔ تاہم، CPI-ML نے امید ظاہر کی ہے کہ سیٹوں کی تقسیم پر جلد ہی کوئی فیصلہ کر لیا جائے گا۔
حکمراں NDA اور اپوزیشن عظیم اتحاد کے اعلیٰ رہنماؤں کے درمیان بہار اسمبلی انتخابات کے لیے سیٹوں کے بٹوارے پر جاری تعطل کو ختم کرنے کے لیے بات چیت جاری ہے۔
NDA میں سیٹوں کے باضابطہ بٹوارے کے اعلان میں تاخیر کے باعث کئی امیدوار ابھی تک اپنی انتخابی مہم کا آغاز نہیں کر پائے ہیں، جبکہ پہلے مرحلے کی پولنگ 6 نومبر کو ہوگی۔ عظیم اتحاد کے اندر بھی سیٹوں کی تقسیم پر جاری تعطل کو دور کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ راشٹریہ جنتا دل، کانگریس اور بائیں بازو کی پارٹیوں نے اپنے کئی ممکنہ امیدواروں کو کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی تیاری شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ پہلے مرحلے کی پولنگ کے لیے نوٹیفکیشن 10 اکتوبر کو جاری کیا گیا تھا اور امیدواروں کے پاس کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کے لیے صرف پانچ دن باقی رہ گئے ہیں۔
کَل دوسرے مرحلے کے لیے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ اِس کے بعد دوسرے مرحلے کیلئے بھی نامزدگی کا عمل شروع ہوجائے گا۔ اس دوران اسدالدین اویسی کی پارٹی آل انڈیا مجلسِ اتحاد المسلمین AIMIM نے اپنے 32 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔