بہار میں اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے کاغذات نامزدگی کا عمل آج ختم ہوجائے گا۔ کُل 243 سیٹوں میں سے، 20 ضلعوں کے 122 حلقوں میں اِس مرحلے کے تحت 11 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ مختلف سیاسی پارٹیوں کے امیدواروں اور آزاد امیدواروں نے دوسرے مرحلے کیلئے ابھی تک کُل ایک ہزار 66 کاغذاتِ نامزدگی داخل کیے ہیں۔
آج پہلے مرحلے کے اسمبلی انتخابات کیلئے امیدواروں کی طرف سے نام واپس لینے کی آج آخری تاریخ ہے۔ اِس مرحلے کے تحت 18 ضلعوں کے 121 حلقوں میں 6 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔
بہار کے اعلیٰ انتخابی افسر کے دفتر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پہلے مرحلے کیلئے ایک ہزار 375 کاغذات، صحیح پائے گئے ہیں اِن میں 147 خواتین، ایک ہزار 268 مرد امیدوار شامل ہیں۔
پہلے مرحلے کے تحت نام واپس لینے کا عمل ختم ہونے کے بعد 121 حلقوں کا انتخابی منظر نامہ قطعی طور پر سامنے آجائے گا۔
بہار اسمبلی انتخابات میں کالے دھن، شراب، نشیلی اشیا اور تحفوں کا غلط استعمال روکنے کیلئے معاشی سراغ رسانی کا محکمہ سرگرم ہوگیا ہے، چونکہ مثالی ضابطہئ عمل لاگو ہوگیاہے، لہذٰا قانون نافذ کرنے والی مختلف ایجنسیوں، گشتی دستوں اور نگرانی ٹیموں نے 23 کروڑ 41 لاکھ روپے سے زیادہ مالیت کی شراب اور تقریباً 17 کروڑ روپے مالیت کے نشیلے مادے برآمد کیے ہیں۔ اِس کے علاوہ ووٹروں کو لبھانے کیلئے دیے جانے والے 14کروڑ 13 لاکھ روپے مالیت کے تحفے بھی ضبط کیے گئے ہیں۔ اِس کے ساتھ ساتھ چار کروڑ 19 لاکھ روپے کی نقد رقم بھی برآمد کی گئی ہے۔
اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے تعینات، اخراجات پر نظر رکھنے والے مشاہدین کَل پٹنہ اور دیگر ضلعوں میں ایک میٹنگ کا انعقاد کریں گے تاکہ امیدواروں کو انتخابی امیدواروں کے بارے میں حساس بنایا جا سکے۔