ڈاؤن لوڈ کریں
موبائل ایپ

android apple
Listen to live radio

October 23, 2025 9:46 PM

printer

بہارمیں اسمبلی انتخابات کیلئے چنائو مہم میں تیزی آگئی ہے۔ مہاگٹھ بندھن نے اپنے وزیر اعلیٰ کے امیدوار کے طور پر RJD کے لیڈر تیجسوی یادو کے نام کا اعلان کیا ہے

بہار میں عظیم اتحاد نے راشٹریہ جنتا دل کے لیڈر تیجسوی پرساد یادو کا اسمبلی انتخابات 2025 کیلئے اپنے وزیر اعلیٰ کے امیدوار کے طور پر اعلان کیا ہے۔ کانگریس کے انتخابی مبصّر اور راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے آج پٹنہ میں منعقد مشترکہ اخباری کانفرنس میں یہ اعلان کیا۔ وکاس شیل انسان پارٹی کے سربراہ مکیش سا ہنی کا نائب وزیر اعلیٰ کے امیدوار کے طور پر اعلان کیا گیا ہے۔ 
بہار اسمبلی انتخابات کے دوسرے اور آخری مرحلے کیلئے اپنے نام واپس لینے کی آخری تاریخ آج ختم ہوگئی۔ اس مرحلے میں 11 نومبر کو 20 ضلعوں کے 122 حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ نام واپس لینے کے آخری دن آج عظیم اتحاد کے کئی امیدواروں نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لے لئے۔ مدھوبنی ضلعے کے بابو بڑھی حلقے سے وِکاس شیل انسان پارٹی VIP کے بِندو گلاب یادو نے راشٹریہ جنتا دل RJD کے امیدوار کی حمایت میں اپنا نام واپس لے لیا۔ اِسی طرح نوادا ضلعے کے وارث علی گنج حلقے میں کانگریس امیدوار ستیش کمار منتھن نے RJD کی امیدوار انیتا دیوی کے حق میں اپنا نام واپس لے لیا۔ کٹیہار ضلعے کے پران پور حلقے میں، کانگریس امیدوار توقیر عالم نے RJD کی عشرت پروین کی حمایت میں اپنا نام واپس لے لیا۔اِدھر انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے NDA کے لیڈروں نے اپنی چنائو مہم کو تیز کردیا ہے۔ جنتا دل یونائٹیڈ کیلئے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے سارن ضلعے کے دریاپور، Maker اور مانجھی حلقوں میں اور ویشالی ضلعے کے Patepur میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کیا۔عظیم اتحاد کے لیڈروں نے بھی، جن میں RJD، کانگریس، وکاس شیل انسان پارٹی اور CPIML شامل ہیں، انتخابی جلسوں سے خطاب کیا۔ LJP رام ولاس کے صدر چراغ پاسوان نے سیوان ضلعے میں دَرولی کے مقام پر ریلی سے خطاب کیا۔BJP کے قومی صدر جے پی نڈا نے NDA امیدواروں کی حمایت میں اورنگ آباد اور ویشالی ضلعے میں ریلیاں کیں۔ ویشالی میں Patepur کے مقام پر ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جناب نڈاّ نے کہا کہ NDA بہار میں قومی دھارے کی ترقی لائی ہے۔ انھوں نے اِس بات کا ذکر کیا کہ ترقی کا لفظ تیجسوی یادو کے منھ سے اچھا نہیں لگتا کیونکہ لالو پرساد اور رابڑی دیوی کے دورِ حکومت میں لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ JDU کے قومی صدر اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد اُن کی حکومت نے بہار میں قانون کی بالادستی قائم کی۔ انھوں نے الزام لگایا کہ RJD اور کانگریس کی مدت کار کے دوران ریاست میں قانون اور امن کی صورتحال بے حد خراب تھی۔دوسری طرف عظیم اتحاد کے وزیر اعلیٰ کے عہدے کے امیدوار تیجسوی پرساد یادو نے کہا کہ بہار کے لوگوں کی خدمت کرنا اُن کا جنون ہے۔ اس لئے انھوں نے ریاست کی ترقی کیلئے ایک لائحہ عمل تیار کیا ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا کہ پچھلی بار عظیم اتحاد کچھ ہی سیٹوں کی کمی سے نہیں جیت پایا تھا لیکن اِس مرتبہ وہ اقتدار میں واپس آئے گا۔ جن سوراج پارٹی کے بانی پرشانت کشور نے گوپال گنج ضلعے میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کیا۔

 

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں

کوئی پوسٹ نہیں ملی۔