بہار اسمبلی انتخابات کے دوسرے اور آخری مرحلے کی پولنگ آج پُرامن طور پر مکمل ہوگئی۔ دوسرے مرحلے کے تحت تقریباً 69 فیصد ووٹنگ درج کی گئی۔ اس مرحلے کے تحت 20 اضلاع کے 122 حلقوں میں ووٹ ڈالے گئے۔136خواتین سمیت ایک ہزار302امیدواروں کی سیاسی قسمت کافیصلہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں بندہوگیاہے۔
سیمانچل خطے اور پہلے ماؤنوازوں کے تشدد سے متاثرہ ضلعوں میں رائے دہی کی شروعات کے بعد سے ہی پولنگ کا تناسب زیادہ رہا۔ سیمانچل کے ضلعوں جیسے کشن گنج، کٹیہار اور پورنیہ میں پچھلے انتخابات کی طرح اِس مرتبہ بھی رائے دہندگان کی پُرجوش شرکت دیکھی گئی۔ کشن گنج نے پولنگ کے معاملے میں آج نیا ریکارڈ بنایا، جبکہ کٹیہار اور پورنیہ میں بھی زبردست پولنگ کا اندراج ہوا۔ تاہم ووٹنگ کے تناسب کے معاملے میں نوادہ پیچھے رہا۔ ماضی میں ماؤنوازوں کے تشدد سے متاثرہ گیا اور بانکا ضلعوں میں بھی بڑی تعداد میں لوگوں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ نتیش کمارحکومت کے 12 وزیروں کی سیاسی قسمت آج الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں بند ہوگئی۔ اِن میں جنتا دل یونائیٹیڈ کے بیجیندر پرساد یادو اور BJP کے ڈاکٹر پریم کمار اور رینو دیوی سمیت دیگر سرکردہ شخصیات شامل ہیں۔
اس کے علاوہ چار سیاسی جماعتوں کے ریاستی صدور کی قسمت کا بھی آج فیصلہ ہوگا۔ اِن مین کانگریس کے راجیش کمار، لوک جَن شکتی پارٹی رام ولاس کے راجو تیواری، ہندوستانی عوام مورچہ کے انل کمار اور AIMIM کے اختر الایمان شامل ہیں۔ووٹوں کی گنتی اس ماہ کی 14 تاریخ کو کی جائے گی۔
جھارکھنڈ میں، آج Ghatshila اسمبلی حلقے کے ضمنی انتخاب کی پولنگ، 300 پولنگ مراکز پر خوش اسلوبی کے ساتھ مکمل ہوئی۔ ووٹنگ، صبح 7 بجے شروع ہوئی تھی اور شام پانچ بجے اختتام پذیر ہوئی۔ جھارکھنڈ کے چیف الیکشن کمشنر روی کمار نے آکاشوانی کو بتایا کہ Ghatshila اسمبلی حلقے کیلئے تقریباً 73 اعشاریہ آٹھ-آٹھ فیصد ووٹ ڈالے گئے ہیں۔
Site Admin | November 11, 2025 9:45 PM
بہاراسمبلی انتخابات کے دوسرے اور آخری مرحلےکے تحت 122 حلقوں میں تقریباً69فیصدووٹنگ درج کی گئی