بھارتی محکمۂ موسمیات نے دلّی، ہریانہ، چنڈی گڑھ، ساحلی آندھرا پردیش، گجرات، جموں و کشمیر، لداخ، اڈیشہ، پنجاب اور راجستھان میں کَل انتہائی شدید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ اِس کے علاوہ کیرالہ، ماہے، کونکن، گوا، وسطی مہاراشٹر، مدھیہ پردیش اور شمال مشرقی خطے کے مختلف حصوں میں بھی اگلے دو سے تین دن کے دوران درمیانی درجے سے موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ محکمۂ موسمیات نے مزید کہا کہ انڈومان و نکوبار جزائر، بہار، گجرات، اندرونی کرناٹک، مظفر آباد، جھارکھنڈ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم ، تریپورہ اور تلنگانہ کے مختلف مقامات پر بجلی کی گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
لداخ میں گزشتہ 24 گھنٹوں سے مسلسل بارش ہورہی ہے۔44 ملی میٹر بارش رکارڈ کی گئی جو کہ 1973کے بعد اگست کے مہینے میں سب سے زیادہ ہے۔ لیہ ضلع انتظامیہ نے کل کیلئے سبھی اسکولوں اور آنگن واڑی مراکز کو بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔ خراب موسم کی وجہ سے لیہ ایئرپورٹ سے سبھی پروازوں کو منسوخ کردیا گیا ہے۔