ماحولیات، جنگلات اور آب و ہوا کی تبدیلی کے مرکزی وزیر بھوپیندر یادو نے کل دہرادون کے جنگلاتی تحقیق سے متعلق ادارے میں ”انڈیا اسٹیٹ آف فاریسٹ رپورٹ2023 (ISFR.2023) کا اجرا کیا۔
تازہ جائزے کے مطابق، بھارت میں جنگلات اور درختوں سے ڈھکے ہوئے حصوں کا کُل رقبہ 8 لاکھ 27 ہزار 357 مربع کلومیٹر ہے، جو ملک میں 25 اعشاریہ 17 فیصد کُل جغرافیائی علاقے کا احاطہ کرتا ہے۔ ان میں سے 7 لاکھ 15ہزار 343 مربع کلومیٹر کا علاقہ جنگلات سے گھرا ہوا ہے جبکہ ایک لاکھ 12ہزار 14 مربع کلومیٹر کا رقبہ درختوں پر محیط ہے۔ جناب یادو نے 2021 کے جائزے کے بعد سے ملک میں جنگلات اور درخت کے رقبے میں اضافے اور اسے مزید ایک ہزار 445 مربع کلومیٹر تک پھیل جانے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
اس میں جنگلات کے رقبے میں 156 مربع کلومیٹر اور درختوں کے رقبے میں ایک ہزار 289 مربع کلومیٹر کا اضافہ شامل ہے۔ وزیر موصوف نے آگ لگنے کے واقعات پر فوری الرٹ اور جنگلات میں آگ بجھانے سے متعلق خدمات کے لیے فاریسٹ سروے آف انڈیا کے ذریعے استعمال کی جانے والی جدید ٹکنالوجی پر بھی زور دیا جس سے جنگلات کے بہتر بندوبست میں مدد ملتی ہے۔ فاریسٹ سروے آف انڈیا کی جانب سے ہر دوسال میں یہ رپورٹ شائع کی جاتی ہے۔ سٹیلائٹ ڈیٹا اور فیلڈ پر مبنی اس سروے سے بھارت کے جنگلات اور درختوں سے متعلق وسائل کا ایک جامع جائزہ فراہم کیا جاتا ہے۔x