ریزرو بینک کے گورنر سنجے ملہوترا نے زور دے کر کہا ہے کہ بھارت پر 50 فیصد امریکی محصول، بھارت کی ترقی کیلئے کوئی بڑی تشویش کی بات نہیں ہے۔ واشنگٹن میں بین الاقوامی مالی فنڈ اور عالمی بینک کی میٹنگوں کے دوران ایک پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے جناب ملہوترا نے کہا کہ بھارت کو اپنی معیشت کی بدولت اہم رتبہ حاصل ہے اور اِس سے امریکی محصول کا منفی اثر نہیں پڑے گا۔
تجارتی امور سے متعلق بھارت کی مذاکراتی ٹیم امریکہ کے عہدیداروں کے ساتھ تجارتی بات چیت کے اگلے دور کے لئے پہلے ہی واشنگٹن گئی ہوئی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے 50 فیصد محصول نافذ کئے جانے کے باوجود موجودہ مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران امریکہ کیلئے بھارت کی برآمدات بڑھ کر 45 ارب 82 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں جس سے گزشتہ سال کی اِسی مدت کے مقابلے 13 اعشاریہ تین فیصد اضافے کی عکاسی ہوتی ہے۔ x