چھپنواں بھارتی بین الاقوامی فلم فیسٹیول آج سے گوا کے پنجی میں شروع ہوگیا ہے۔ یہ فلم فیسٹیول آٹھ روز تک جاری رہے گا اور اِس ماہ کی28 تاریخ کو اختتام پذیر ہوگا۔ آج اِس کی افتتاح پریڈ نے ناظرین کو خوب لطف اندوز کیا۔ اِس کی افتتاحی تقریب میں اطلاعات ونشریات کے وزیر مملکت ڈاکٹر ایل مروگن، گوا کے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت، I&B سکریٹری سنجے جاجو اور فیسٹیول کے ڈائریکٹرشیکھر کپور کے علاوہ اداکار انوپم کھیر، Nandamuri بال کرشن اور فلم ساز راکیش اوم پرکاش مہرا شامل ہوئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ایل مروگن نے کہا کہ بھارتی معیشت کیلئے یہ ایک انتہائی اہم موقع ہے اور انھوں نے مزید کہا کہ اِفّی 2025 اور WAVES فلم بازار اختراع، کنٹینٹ اور کلچر کے ستونوں کو مضبوطی عطا کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر ایل مروگن نے آج 56ویں IFFI میں WAVES فلم بازار 2025 کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مروگن نے کہا کہ یہ WAVES فلم بازار جدت طرازوں اور دنیا کے درمیان ایک پُل کا کام کرے گا۔ انھوں نے اِسے بھارت کے نوجوان ذہنوں اور نئے اختراع کاروں کا ایک پلیٹ فارم قرار دیا جو دنیا کو بھارتی مواد اور قصہ گوئی سے روشناس کرا رہے ہیں۔ اطلاعات ونشریات کے سکریٹری سنجے جاجو نے WAVES فلم بازار کو فلم سازوں کیلئے دنیا کا پہلا ای-مارکیٹ پلیس قرار دیا۔