بھارت کا کرکٹ کنٹرول بورڈ بی سی سی آئی ایشیائی کرکٹ کونسل ACC کے 2 بڑے ٹورنامنٹس سے علیحدہ ہوگیا ہے۔ اِن میں اگلے مہینے سری لنکا میں ہونے والا خواتین کا ابھرتی ہوئی ٹیموں کا ایشیا کپ اور مردوں کا ایشیا کپ شامل ہے، جس کی میزبانی ستمبر میں بھارت کو کرنا تھی۔ پاکستان کے ساتھ موجودہ کشیدگی کے تناظر میں ایسا ہوا ہے۔ اِس اقدام سے مردوں کا ایشیا کپ غیر یقینی کی کیفیت سے دوچار ہوگیا ہے، جو کہ ایک اہم ٹورنامنٹ ہے۔ اِس میں بھارت، پاکستان، بنگلہ دیش، افغانستان اور سری لنکا کی ٹیمیں کھیلتی ہیں۔ ایشیائی کرکٹ کونسل کو اب ایک بڑے چیلنج کا سامنا ہے۔ پاکستان کے وزیر داخلہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کونسل کے سربراہ ہیں۔
ٹورنامنٹ میں بھارت کے نہ کھیلنے سے کمرشل نقطہئ نظر سے ٹورنامنٹ کے استحکام کے لیے غیر یقینی کے حالات پیدا ہونے کا خطرہ ہے، کیونکہ بھارت اور پاکستان کے مقابلے نشریاتی مفادات اور مالیے کیلئے اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔ البتہ پہلی بار ایسا نہیں ہوا ہے۔ 2023 میں بھی بھارت نے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کردیا تھا اور اِس کے بعد Hybrid ماڈل میں میچ کرائے گئے تھے۔ اِس کے تحت فائنل سمیت بھارت کے میچ سری لنکا میں منتقل کردیے گئے تھے۔