September 26, 2025 9:39 PM

printer

بھارت نے NATO کی قیادت سے کہا ہے کہ وہ اپنے عوامی بیانات میں زیادہ ذمے داری اور درستگی کا مظاہرہ کرے

بھارت نے NATO کے سکریٹری جنرل Mark Rutte کے اُس بیان کو، جس میں وزیر اعظم نریندر مودی اور روس کے صدر ولادیمیر پوتن کے درمیان ٹیلی فون پر مبینہ گفتگو کا ذکر کیا گیا تھا، سراسر غلط اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔ نئی دلی میں نامہ نگاروں کو جانکاری فراہم کرنے کے دوران NATO کے سکریٹری جنرل کے بیان سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ایسی کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ وزیر اعظم مودی نے صدر پوتن سے کسی بھی موقع پر اس طرح کی کوئی بات چیت نہیں کی جیسا کہ دعویٰ کیا گیا ہے۔ بھارت، NATO جیسے اہم ادارے کی قیادت سے توقع رکھتا ہے کہ وہ اپنے عوامی بیانات میں زیادہ ذمہ داری اور درستگی کا مظاہرہ کرے گی۔جناب جیسوال نے کہا کہ غیر ذمہ دارانہ اور قیاس آرائی پر مبنی ایسے بیانات، جو وزیر اعظم کی مصروفیات کو غلط انداز میں پیش کرے یا جس میں ایسی بات چیت کا ذکر کیا جائے، جو کبھی ہوئی ہی نہیں، ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کی توانائی کی درآمدات کا مقصد بھارتی صارفین کے لیے توانائی کی لاگت کو کفایتی اور قابلِ رسائی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے قومی مفاد اور معاشی سلامتی کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرتا رہے گا۔
امریکہ سے لوگوں کو وطن واپس بھیجنے کے مسئلے پر، جناب جیسوال نے کہا کہ موجودہ سال کے دوران 20 جنوری سے 25 ستمبر تک کل 2 ہزار 417 بھارتی شہریوں کو واپس بھیجا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت تقریباً 27 بھارتی شہری روسی فوج میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ جناب جیسوال نے تمام بھارتی شہریوں پر زور دیا کہ وہ روسی فوج میں خدمات انجام دینے کی پیشکش سے دور رہیں، کیونکہ ایسی پیشکش خطرناک ہے، اور زندگی کے لیے سنگین خطرہ ثابت ہو سکتی ہے۔22 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی میٹنگ کے بارے میں وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اس میٹنگ میں تجارت اور محصولات پر زیادہ زور دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میٹنگ کے دوران بھارت-امریکہ دو طرفہ تعلقات کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا گیا۔H1B ویزا کے نئے اصول کے بارے میں، جناب جیسوال نے کہا کہ ہنر مند افراد کی موبیلیٹی اور تبادلے نے ٹیکنالوجی کی ترقی، جدت طرازی، معاشی ترقی، مسابقت اور دولت پیدا کرنے میں بھارت اور امریکہ دونوں ملکوں میں بے حد اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت، صنعت سمیت تمام متعلقہ فریقوں سے رابطے میں رہے گا اور امید ہے کہ ان عوامل کو مناسب اہمیت دی جائے گی۔ بنگلہ دیش میں آئندہ سال فروری میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے بارے میں، جناب جیسوال نے کہا کہ بھارت کئی بار یہ دوہرا چکا ہے کہ وہ بنگلہ دیش میں آزادانہ، منصفانہ، قابلِ اعتماد اور جامع انتخابات کے ذریعے خوش اسلوبی کے ساتھ پُرامن طریقے سے جمہوریت کی طرف منتقلی کی توقع رکھتا ہے۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔
سب دیکھیں arrow-right

کوئی پوسٹ نہیں ملی۔